Tuesday, April 30, 2024

پاکستان میں بالی وڈ فلم ”باجی راﺅ مستانی“ کی ریلیز مشکلات کا شکار

پاکستان میں بالی وڈ فلم ”باجی راﺅ مستانی“ کی ریلیز مشکلات کا شکار
December 17, 2015
کراچی (ویب ڈیسک) رنویر سنگھ اور دپیکا پڈکون کی آنے والی فلم ”باجی راو مستانی“ کی پاکستان میں ریلیز کھٹائی میں پڑتی نظر آ رہی ہے کیونکہ پاکستان کے مرکزی سنسر بورڈ نے فلم کے مواد پر اعتراض لگا دیا ہے۔ اگرچہ فلم کی ریلیز میں اب چند دن ہی باقی رہ گئے ہیں مگر فلم کو تاحال نمائش کا سرٹیفکیٹ نہیں ملا ہے۔ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن آف پاکستان کے چیئرمین مبشر حسن کا کہنا ہے کہ مذکورہ فلم کو اجازت نہ دینے پہلی وجہ تو یہ ہے کہ فلم ہندی میں ہے اورہمارا آرڈیننس ہندی فلموں کی نمائش کی اجازت نہیں دیتا جبکہ فلم میں بالواسطہ طور پر اسلام اور مسلمانوں کیخلاف مواد بھی موجود ہے۔ اطلاعات کے مطابق سنسر بورڈ کا پینل ابتدائی طور پر فلم کو مسترد کر چکا ہے تاہم فلم کے مقامی ڈسٹری بیوٹرز کے مطالبے پر فل بورڈ فلم دوبارہ دیکھے گا۔ دوسری جانب پنجاب سنسر بورڈ نے فلم کو بغیر کاٹ چھانٹ کے پاس کردیا ہے جبکہ سندھ بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن نے کچھ مناظر کوسنسر کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل شاہد کپور کی فلم ”حیدر“، سیف علی خان کی ”فینٹم“ کو بھی پاکستان میں ریلیز کی منظوری نہیں ملی تھی۔