Friday, May 17, 2024

پاکستان میں ایڈز خطرناک صورت حال اختیار کر رہی ہے: ماہرین

پاکستان میں ایڈز خطرناک صورت حال اختیار کر رہی ہے: ماہرین
October 15, 2015
لاہور (92نیوز) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان چوتھا ایشیائی ملک ہے جہاں ایچ آئی وی پازیٹو افراد کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موذی مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے مخصوص گروپس پر احتیاطی اقدامات لاگو کرنا ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ملائیشیا‘ انڈونیشیا اور فلپائن کے بعد پاکستان میں ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جوتشویشناک ہے۔ متاثرین میں بڑی تعداد منشیات کے عادی افراد اور ہیجڑا ورکرز کی ہے جنہیں فوکس کرکے اس مرض کو قابو کرنا ضروری ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پنجاب ایڈز کنٹرول سینٹرز میں چالیس ہزار سے زائد ایچ آئی وی پازیٹو رجسٹرڈ افراد کا علاج معالجہ کیا جارہا ہے جبکہ پاکستان بھر میں ان مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے اوپر ہے۔ مقررین کے مطابق پاکستان میں اس مرض کے بڑھنے کی وجہ یہ ہے کہ پنجاب کے علاوہ کسی بھی صوبے میں ایڈز کنٹرول کرنے کے حوالے سے خا ص اقدامات نہیں کئے جارہے۔ تقریب میں یو این ایڈ کے نمائندگان کے ساتھ پنجاب کے اہم طبی ماہرین نے شرکت کی اور اس بات پر زور دیا کہ اس مرض کو چھپانے کی بجائے اس کا علاج فوری شروع کیا جانا چاہیے۔