Tuesday, April 23, 2024

پاکستان میں آنے والے خوفناک زلزلے

پاکستان میں آنے والے خوفناک زلزلے
October 26, 2015
لاہور(92نیوز) پاکستان میں آنے والے زلزلوں میں سب سے خوفناک آٹھ اکتوبر دو ہزار پانچ کا زلزلہ تھا جس میں مظفر آباد، آزاد کشمیر اور خیبر پختوا میں بڑے پیمانے پر تباہی آئی سات اعشاریہ آٹھ شدت کے اس زلزلے کے نتیجے میں اسی ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے جبکہ پینتیس لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ بھی پاکستان میں وقتا فوقتا کچھ ایسے زلزلے آتے رہے جن میں جانی نقصان تو اس پیمانے پر نہیں ہوا تاہم یہ زلزلے بہت زیادہ تباہی کا سبب بنے۔ چوبیس اور اٹھائیس ستمبردو ہزار تیرہ کو صوبہ بلوچستان میں آنے والے دو زلزلوں کی ریکٹر سکیل پر  شدت بالترتیب سات اعشاریہ سات اور چھے اعشاریہ آٹھ تھی اور ان میں مجموعی طور پر بارہ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ بڑے پیمانے پر تباہی بھی ہوئی۔ اس سے قبل ایک زلزلہ انتیس اکتوبر دو ہزار آٹھ کو بلوچستان کے شہر زیارت میں آیا تھا جس میں دو سو پندرہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ ایک لاکھ بیس ہزار لوگ بے گھر ہو گئے۔ اس زلزلے کی شدت چھے اعشاریہ چار تھی۔ اٹھائیس دسمبر انیس سو چوہتر کو ملک کے شمالی علاقوں میں آنے والا چھ اعشاریہ دو شدت کا زلزلہ بھی کچھ کم تباہ کن نہیں تھا۔ اس زلزلے کے نتیجے میں پانچ ہزار تین سو افراد ہلاک جبکہ سترہ ہزار زخمی ہو گئے تھے۔