Friday, March 29, 2024

پاکستان میں 2019 کے دوران پولیو کے 111 کیسز سامنے آئے

پاکستان میں 2019 کے دوران پولیو کے 111 کیسز سامنے آئے
December 31, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) رواں سال پاکستان میں انسداد پولیو کی مہم باقاعدگی سے چلائی جاتی رہی لیکن اس کے باوجود بچوں کو معذوری سے بچانا ایک چیلنج ہی رہا۔ سال 2019 میں اب تک پولیو کے 111 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 17 کیسز صوبہ سندھ سے رپورٹ ہوئے۔ دوسری جانب نگلیریا وائرس نے بھی 16 افراد کی زندگیاں نگل لیں۔ پولیو فری پاکستان کا خواب ادھورا رہ گیا۔ رواں سال بھی انسداد پولیو مہم کامیابی سے ہمکنار نہ ہوسکی۔ سندھ میں سال 2019 کے دوران پولیو کے 17 کیسز سامنے آئے۔ محکمہ صحت کی جانب سے معصوم بچوں کو پولیو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے متعدد مہم چلائی گئیں، لیکن اس کے باوجود کیسز رپورٹ ہونا تشویش کا باعث ہیں۔ کراچی میں 6 حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ اور میرپورخاص میں 2، 2 جبکہ سجاول، بینظیرآباد اور بدین میں ایک، ایک کیس سامنے آیا۔ شہر قائد میں پولیو وائرس سے متعلق گڈاپ، بلدیہ ٹاؤن اور سہراب گوٹھ زیادہ خطرناک علاقے ہیں، جس کی وجہ والدین کی جانب سے بچوں کو پولیس سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے آمادہ نہ ہونا ہے۔ دوسری جانب اپنے بچوں کو معذوری سے بچانے کیلئے فکرمند والدین اور ڈاکٹرز قطرے پلانے کو لازمی قرار دیتے ہیں۔ کراچی میں صرف پولیو ہی نہیں، بلکہ نگلیریا نے بھی پنجے گاڑے رکھے اور 16 افراد کو موت کے منہ میں دھکیل دیا۔ طبی ماہرین لاعلاج مرض سے بچنے کیلئے پانی کے ٹینکوں میں کلورین کی مقدار بڑھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔