Saturday, April 20, 2024

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا ملک بھر میں کورونا ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا ملک بھر میں کورونا ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ
April 24, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی کے باعث ملک میں آکسیجن گیس کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں کورونا ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا ہے کہ کورونا کی روک تھام نہ کی گئی تو یہاں پر بھی صورتحال انتہائی خطرناک ہوسکتی ہے۔ کہا کہ، اسپتالوں میں روزانہ بنیاد پرمریضوں کادباو بڑھنے لگا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، کئی اسپتالوں میں 80 فیصد سے زائد بیڈز زیراستعمال ہیں، پڑوسی ملک میں آکسیجن گیس کا بحران پیدا ہوگیا ہے، کورونا کی روک تھام نہ کی گئی تو یہاں پر بھی صورتحال انتہائی خطرناک ہوسکتی ہے۔ عوام نے ابھی بھی ماسک نہ پہنا اور ایس او پی کا خیال نہ رکھا تو صورتحال پر قابوپانا مشکل ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ابھی سے کورونا پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات کریں، ملک بھر میں آکسیجن گیس کا بھی بحران پیدا ہوسکتا ہے، سانس کی تکلیف میں مبتلا مریضوں کے لیے حکومت ابھی سے آکسیجن گیس کی ضرورت پوری کرنے کے اقدامات کرے۔ کورونا کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے۔