Friday, April 26, 2024

پاکستان میٹروبس سروس کے ڈرائیوروں نے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کر دی

پاکستان میٹروبس سروس کے ڈرائیوروں نے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کر دی
July 10, 2015
اسلام آباد(92نیوز)پاکستان میٹرو بس سروس  اسلام آباد کے ڈرائیوروں نے  اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کر دی، میٹرو بسیں رک  جانے کے باعث ہزاروں مسافر وں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا، ڈھائی گھنٹے بعد ترکش کمپنی البیراک کی ضمانت پر ہڑتال ختم ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میٹرو بس سروس کے تمام ڈرائیوروں نے بعد نماز جمعہ بسیں چلانے سے انکار کر دیا،،ڈرائیوروں کا موقف تھا کہ انھیں  تنخواہوں کی ادائیگی نہ صرف مسلسل تاخیر کا شکار ہے ،بلکہ طے شدہ معاوضہ بھی کم دیا جا رہا ہے،جبکہ دیگر مطالبات میں انشورنس  سمیت ڈرائیوروں کو میٹرو بس میں مفت سفر کی سہولت کا مطالبہ بھی شامل تھا۔ ہڑتال کی وجہ سے سیکرٹریٹ اسٹیشن  سے  چائنہ چوک تک میٹروبسوں کی طویل قطار لگ گئی، اور مسافر روزے میں پیدل چل کر سیکرٹریٹ اسٹیشن تک پہنچتے رہے،،جبکہ دفاتر سے چھٹی کرنے والے سینکڑوں ملازمین بھی بے بس کھڑے ہڑتال ختم ہونے کا انتظار کرتے رہے۔ میٹرو بس ڈرائیورز نے مقامی ٹھیکیدار  سے مذاکرات کرنے سے بھی انکار کردیا، جس پر ترکش کمپنی البراک کے ماسٹر ٹرینر کی سفارش پر ڈرائیوروں کے تمام مطالبات تسلیم کر لئے گئے،مطالبات تسلیم کئے جانے کے بعد  ڈرائیوروں نے ہڑتال ختم کر دی اور میٹرو سروس بحال ہو گئی،سروس کی بحالی پر سینکڑوں مسافروں نے سکھ کا سانس لیا۔