Thursday, April 25, 2024

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ، صدر مملکت کی شرکت

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ، صدر مملکت کی شرکت
April 13, 2019

راولپنڈی( 92 نیوز) پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول  میں 139 ویں لانگ کورس،9ویں مجاہد کورس،158 انٹیگریٹڈ کورس اور 14ویں لیڈیز کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی ۔

مہمان خصوصی صدر پاکستان عارف علوی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس کو ایوارڈز سے نوازا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاسنگ آؤٹ پریڈ میں صدر مملکت عارف علوی نے مختلف کورسز میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو ایوارڈ سے نوازا۔

سینئر انڈر آفیسر حیدر علی خان کو اعزازی شمشیر سے نوازا گیا، صدارتی گولڈ میڈل بٹالین سینئر انڈر آفیسر عمر خان نے حاصل کیا۔

کورس انڈر آفیسر محمد شہزاد اور احمد بلال نے اعزازی چھڑی حاصل کی ۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اوور سیز گولڈ میڈل سری لنکا کے کیڈٹ نے حاصل کیا جبکہ  کمانڈنٹ کی اعزازی چھڑی کورس انڈر آفیسر عائشہ شکیل نے حاصل کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی ، ان کا کہنا تھا پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے اور جارحیت کے مقابلے کیلئے تیار ہیںِ ۔

صدر مملکت نے  کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جو کامیابی پاکستان نے حاصل کی وہ بے مثال ہے، پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے جو قربانیاں دیں ان کی مثال نہیں ملتی۔

 تقریب میں  ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران، ڈپلومیٹس اور کیڈٹس کے عزیز و اقارب  بھی بڑی تعداد میں شریک  ہوئے ۔