Friday, March 29, 2024

پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت بے نقاب کرتا رہیگا، صدر مملکت

پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت بے نقاب کرتا رہیگا، صدر مملکت
September 2, 2019
کراچی ( 92 نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  بحری جنگی مشق شمشیر بحر سیون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت بے نقاب کرتا رہیگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان ایسے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے جواجتماعی قومی انداز فکر کے متقاضی ہیں۔انہوں نے عسکری منصوبہ سازی کے عمل میں جنگی مشقوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مشق کے اختتام پر قابل قدرنتائج اور سفارشات دیکھنے کی امید کا اظہار کیا صدر مملکت کی آمد پر  چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ان کا استقبال کیا ، بعد ازاں ڈپٹی چیف آف دی نیوٍل اسٹاف (آپریشنز)، ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے جنگی مشق شمشیر بحر کے طے کردہ مقاصد اور لائحہ عمل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے سی پیک اور گوادر بندر گاہ کی فعالیت کے پس منظر میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار پرخصوصی طور پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے عوام کی خوشحالی بحری تجارتی راستوں کے کھلے رہنے پر منحصر ہے کیونکہ پاکستان کی معاشی بہتری سمندروں کے تجارتی استعمال سے وابستہ ہے اور اس ضمن میں پاک بحریہ پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے  کہا کہ  بھارتی حکومت کی جانب سے بھارتی آئین سے آرٹیکل 370 اور 35A کے غیر قانونی خاتمے کے حالیہ یکطرفہ فیصلے سے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں شدید بے چینی ہے بلکہ پاکستان کو بھی اس عمل پر شدید تحفظات ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فاشسٹ کنٹرول نافذ کرنے کی یہ کوشش مقبوضہ کشمیر میں اندرونی سکیورٹی کی صورتحال پرسنگین اثرات مرتب کرے گی او ر نتیجتاً جنوبی ایشیائی اورعالمی امن بھی متاثر ہوگا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرار داد وں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو بے نقاب کرتا رہے گا اورتمام ممکنہ حد تک سیاسی اور سفارتی محاذ پر اس کا بھر پور جواب دیتا رہے گا۔