Thursday, May 9, 2024

پاکستان مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ، شاہ محمود قریشی

پاکستان مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ، شاہ محمود قریشی
May 16, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پاکستان مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس ہوا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وزرائے خارجہ کے ورچوئل اجلاس کی میزبانی سعودی عرب نے کی۔ اجلاس میں اسرائیل کے غزہ سمیت فلسطینی علاقوں پر حملے، القدس الشریف کی بے حرمتی کا معاملہ زیر غور آیا۔ مسجد الاقصی میں اسرائیلی افواج کی بربریت پر بھی غور کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اسرائیل مسلسل غزہ پر بمباری کر رہا ہے۔ اسرائیلی فوج کی جارحیت کا کوئی جواز نہیں۔ بربریت فوری ختم ہونی چاہئے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا اسرائیلی حملے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔عالمی برادری فوری اسرائیلی بربریت اور ظلم کو رکوائے۔ شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا کہ غزہ پر بمباری فوری طورپر بند کی جائے ۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا  اجلاس طلب کیا جائے۔ اسرائیل کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔