Friday, May 10, 2024

پاکستان مستحکم، پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتا ہے ، شاہ محمود قریشی

پاکستان مستحکم، پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتا ہے ، شاہ محمود قریشی
August 31, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پاکستان مستحکم، پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتا ہے۔

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کی وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ آمد ہوئی جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے ان کا خیرمقدم کیا گیا۔ جرمن وزیر خارجہ نے وزارتِ خارجہ کے سبزہ زار میں یادگاری پودا لگایا۔

پاکستان اور جرمنی کے درمیان وزارتِ خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون بڑھانے اور افغانستان کی صورتحال پرمشاورت جاری رکھنے پراتفاق کیا گیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمد قریشی نے جرمن ہم منصب ہائیکوماس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان مستحکم، پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتا ہے۔ عالمی برادری کو انسانی المیے سے بچانے کے لئے افغانستان کی ہر ممکن مدد کرنا ہو گی۔

جرمن وزیر خارجہ  نے کہا کہ افغانستان میں انتہائی ڈرامائی انداز میں حالات تبدیل ہوئے ۔ پاکستان نے غیرملکیوں کے انخلاء میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ جرمنی شہریوں کے انخلاء میں تعاون پر پاکستان کا شکر گزار ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے تمام اندازے غلط ثابت ہوئے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ افغانستان میں تبدیلی کے دوران خون خرابہ نہیں ہوا۔ افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور جرمنی دونوں کے نقطہ ء نظر میں مماثلت ہے۔ دونوں ممالک پرامن اور مستحکم افغانستان کے خواہاں ہیں۔