Thursday, April 18, 2024

پاکستان مخالف سرگرمیوں پر متحدہ کا ایم این اے اور ایم پی اے گرفتار

پاکستان مخالف سرگرمیوں پر متحدہ کا ایم این اے اور ایم پی اے گرفتار
August 25, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں پولیس نے ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی شیراز وحید کو پاکستان مخالف بیان کے الزام میں جبکہ رکن قومی اسمبلی آصف حسنین کو سہولت کارہونے کی وجہ سے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں سائٹ سپرہائی وے انڈسٹریل ایریا پولیس نے ایم کیو ایم کے ایم پی اے شیراز وحید کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی ملیر راو انوار کے مطابق ایم پی اے شیراز وحید علاقے میں ایم کیو ایم کے قائد کی ملک کے خلاف اشتعال انگیز تقریر پر مشتمل سی ڈیز عوام میں تقسیم کر رہے تھے۔ ایم پی اے شیراز وحید کے قبضے سے سی ڈیز اور اشتعال انگیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔ ملزم شیراز وحید کے خلاف درج مقدمہ میں دہشت گردی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ اشتعال انگیز تقریر سننے اور اس میں سہولت کاری کے الزام میں شہر کے مختلف تھانوں میں ایم کیو ایم کے رہنماوں کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی آصف حسنین کو بیرون ملک جاتے ہوئے کراچی ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔ آصف حسنین لانڈھی سے ایم کیوایم کے ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔