Thursday, May 2, 2024

پاکستان مخالف اقدامات کی تفصیلات 48 گھنٹوں میں سامنے آجائینگی ، ترجمان وائٹ ہاؤس

پاکستان مخالف اقدامات کی تفصیلات 48 گھنٹوں میں سامنے آجائینگی ، ترجمان وائٹ ہاؤس
January 3, 2018

واشگنٹن ( 92 نیوز ) ٹرمپ کے ماتحت بھی بڑھکیں مارنے لگے ۔ ترجمان وائٹ ہاؤس نے بھی پاکستان کو دھمکی دے دی ہے ۔ سارا سینڈرز کہتی ہیں  پاکستان مخالف مخصوص اقدامات کی تفصیلات آئندہ  48 گھنٹوں میں سامنے آجائیں گی ۔  ادھر اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی  کا کہنا ہے پاکستان کی امداد کی بندش  کا تعلق فلسطین پرقرارداد سے نہیں  ۔ دہشتگردوں کی پناہ گاہوں سے ہے۔ امریکا نے پاکستان کی 255 ملین ڈالرز کی امداد روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے  ۔

ترجمان وائٹ ہاؤس سارا سینڈرز نے الزام عائد کیا کہ پاکستان  دہشتگردی کیخلاف اقدامات کرسکتا ہے لیکن کرنہیں رہا ۔ پاکستان پر دباؤ بڑھانے کیلئے جلد مزید اقدامات کریں گے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس سارا سینڈرزنے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا امریکا جانتا ہے کہ پاکستان  انسداد دہشتگردی کیلئے مزید  اقدامات کرسکتا ہے لیکن وہ اپنے وعدے پورے نہیں کررہا ۔ اسے امریکا سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرنے چاہیے ۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کی امداد سے متعلق تمام آپشنز کھلے ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ماہ اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

سارہ سینڈرز نے کہا کہ پاکستان کے خلاف مخصوص اقدامات کی تفصیلات آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں سامنے آجائیں گی۔

ادھراقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی  کا کہنا تھا کہ امریکا  پاکستان کی 255 ملین ڈالرز کی امداد روک رہا ہے۔اقوام متحدہ میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امداد روکنے کا تعلق فلسطین پر قرارداد سے نہیں بلکہ دہشتگردوں کو پناہ دینے سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے کہیں زیادہ تعاون چاہتا ہے ۔ نکی ہیلی نےالزام لگایا کہ پاکستان نے کئی سالوں سے  ڈبل گیم کھیلی جو امریکا  کو کسی طور پر قبول نہیں ۔

امریکی مندوب نے ہزرہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے ساتھ کام بھی کرتا ہے لیکن دوسری طرف دہشت گردوں کو پناہ بھی دیتا ہے جو افغانستان میں امریکی  فوجیوں پر حملےکرتے ہیں۔