Sunday, May 12, 2024

پاکستان فوجیں جنگی پوزیشن پر لیجا کر دباؤ بڑھائے ، دفاعی ماہرین

پاکستان فوجیں جنگی پوزیشن پر لیجا کر دباؤ بڑھائے ، دفاعی ماہرین
September 4, 2019
لاہور (روزنامہ 92 نیوز فورم رپورٹ  ) روزنامہ 92 نیوز کے فورم میں دفاعی ماہرین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی فوجیں جنگی پوزیشن پر لے جائے ،  ایسا کرنے سے بھارت پر دباؤ بڑھے گا۔   جنرل( ر) راحت لطیف نے کہا کہ بھارت اس وقت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے اور کشمیر کے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں ، غیر معمولی صورتحال میں حکومت کو چاہئے کہ اپنی فورسز کو جنگی پوزیشن پر بارڈر پر لیجائے ، بھارت پر دباؤ بھی بڑھے گا اور عالمی برادری بھی بھارت پر مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے دباؤ ڈالے گی ۔ معروف تجزیہ کار بریگیڈئیر ( ر) نادر میر نے کہا کہ مودی نے آزاد کشمیر پر بھی حملے کی دھمکی دے دی ، ایسے حالات میں تو جنگ کسی بھی وقت شروع ہو سکتی ہے ، ہمیں یہ ذہن میں رکھنا چاہئے کہ ماضی میں بھارت کیساتھ دوستی کی پالیسی فیل ہوچکی، بھارت ہمیں کمزور سمجھ رہا یہی اس کی غلط فہمی ہے ، ہم جموں و کشمیر کو چھوڑ سکتے نہ بھارت سے دوستی ہو سکتی ہے ۔ کرنل ( ر) زیڈ آئی فرخ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ابھی تک جنگ کو ٹالا جا رہا ہے ، 27 ستمبر کو وزیر اعظم نے یو این او میں اہم تقریر کرنی ہے ، اس سے پہلے ہندوستان شرارت کر سکتا ہے اور اس شرارت کا جواب بھرپور طریقے سے دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ  حالات ایسے ہیں کہ جنگ کسی بھی وقت ہو سکتی ہے اور جنگوں میں اہم چیز سرپرائز کی ہوتی ہے جو سر پرائز دے جاتا ہے میدان جنگ اسی کے نام ہو جاتا ہے ۔ دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر کا مسئلہ یو این او میں لیکر گیا اس لیے ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر مسلط کی گئی تو بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے گا، بھارت پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھ رہا اور اسی غلط فہمی میں بھارت کوئی ایڈونچر کرنا چاہ رہا ہے ۔