Sunday, May 12, 2024

پاکستان فلسطینیوں کے حقوق اور منصفانہ جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے ، شاہ محمود قریشی

پاکستان فلسطینیوں کے حقوق اور منصفانہ جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے ، شاہ محمود قریشی
May 15, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پاکستان فلسطینیوں کے حقوق اور منصفانہ جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

پاکستان نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم پر آواز بلند کرنے کا اعلان کر دیا۔ فلسطینی بھائیوں کی مکمل حمایت اور مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرا دی۔  

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطینی ہم منصب ریاض المالکی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت اور مظالم سے پیدا تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے مسجد الاقصیٰ اور غزہ پر اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی جبکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آواز بلند کرنے کا اعلان کیا۔ نائنٹی ٹو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے فلسطینیوں کی مکمل حمایت کے عزم کو دہرایا۔

شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی رابطہ  کیا۔ وزیر خارجہ نے مسجد الاقصی پر اسرائیلی حملے، انسانی حقوق کی پامالیوں پر پاکستانی تحفظات سے آگاہ کیا۔ بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ہتھکنڈوں نے انسانیت، بین الاقوامی قانون کی دھجیاں بکھیر دیں۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین کی صورتحال پر رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

اسرائیلی جارحیت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی افغان ہم منصب سے بھی بات ہوئی۔ وزرائے خارجہ نے فلسطینی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر گہری تشویش اور دکھ کا اظہار کیا۔