Thursday, March 28, 2024

پاکستان غیر ریاستی عناصر کے خلاف کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے ، وزیر خارجہ

پاکستان غیر ریاستی عناصر کے خلاف کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے ، وزیر خارجہ
March 2, 2019
لاہور( 92 نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان غیر ریاستی عناصر کیخلاف کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے ، بھارتی پائلٹ کی رہائی کیلئے کوئی دباؤ تھا اور نہ مجبوری ، بھارت کو امن کا پیغام دیا۔ وزیر خارجہ شاہ ‏محمود قریشی  نے لاہور گورنر پنجاب چودھری سرور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں جو ظلم و بربریت  کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ، آج خود بھارت سے  آوازیں اٹھ رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت بیشتر ممالک پاکستان  اور بھارت کے مابین کشیدگی کو ختم کرنے کا کہہ رہے ہیں ۔ہم نے بھی سفارتی سطح پر خطوط کے ذریعے اقوام متحدہ کے جنرل سیکٹری کو  صورتحال سے مطلع رکھا ۔ شاہ ‏محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں مقبولیت میں اضافہ کرنے کا آسان راستہ پاکستان کو نشانہ بنانا ہے ، کوئی بھی جماعت پاکستان پر حملہ کر کے اپنی گری ہوئی ساکھ دوبارہ بنا سکتی ہے  اس لئے ہمیں خدشہ تھا کہ الیکشن سے پہلے مودی سرکار جنگ کے امکانات پیدا کرے گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے جب حملہ کیا تو جواب دیکر فضائیہ نے اپنی صلاحیت کا واضح پیغام دیا ، جارحیت مسلط کی گئی تو ہم اپنا دفاع کا حق رکھتے ہیں ۔ جب بھی قوموں پر آزمائش آتی ہے تو سیاسی ، سفارتی سطح پر لڑنا پڑتا ہے ۔ ملٹری لیول آخری حربہ ہوتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کو سمجھنا چاہئے کہ یہ نیا پاکستان اور نئی حکومت ہے ، طیارے گرا کر ثابت کر دیا کہ  تبدیلی آنہیں رہی ، تبدیلی آگئی ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا نے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنا شروع کر دی اہے ، مائیک پومپیو اور برطانیہ سے میری بات ہو چکی ہے ، وزیر خارجہ نے کہا کہ  مودی سرکار نے جو چال چلی وہ الٹی پڑ گئی ، ہندوستان کے عوام  کو جواب دینے پڑ گئے ، مودی کے پاس  عوام کے سوالات کا کوئی  جواب نہیں۔ وزیر خارجہ نے شاکر اللہ کی شہادت پر کہا کہ  پولیس  ، جیل حکام اور بھارت کی ذمہ داری تھی کہ شاکر اللہ کی حفاظت کرتی مگر ہندوستان  ایک بار پھر فیل ہو گیا ۔ ہم نے بھارتی پائلٹ کو فوراً ریسکیو کیا ، طبی امداد دی ، چائے پلائی ، کھانا اور حفاظت دی کیوں کہ یہ ہماری ذمہ داری تھی ۔