Friday, March 29, 2024

پاکستان علما کونسل نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے فتویٰ جاری کر دیا

پاکستان علما کونسل نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے فتویٰ جاری کر دیا
March 17, 2020
 لاہور ( 92 نیوز) کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اقدامات اٹھاتے ہوئے پاکستان علما کونسل نے فتویٰ جاری کردیا ۔ اعلامیے کے مطابق پوری دنیا کورونا کے رسک پرہے، جس کے باعث تمام سیاسی ومذہبی اجتماعات فوری طور پر ملتوی کر دیے جائیں ۔ پاکستان علما کونسل کا اجلاس مرکزی چیئرمین حافظ علامہ طاہر اشرفی کی صدارت میں لاہور میں ہوا۔ اجلاس کے اعلامیہ میں قرار دیا گیا ہے کہ پوری دنیا کورونا وائرس کے رسک پر ہے۔ کورونا سے نجات کے لئے شریعت اسلامیہ کے رہنا اصول اپنانا ہوں گے۔ پاکستان علما کونسل نے اپیل کی کہ تمام سیاسی ومذہبی اجتماعات کو فوری طور پر ملتوی کر دیا جائے۔ مساجد میں نماز باجماعت فرش پر ادا کرنے کا اہتمام کیا جائے۔ فرش کو سرف یا صابن سے دھو لیا جائے۔ جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں اردو تقریر کو ختم کرکے عربی خطبات کو مختصر کر دیا جائے۔ پاکستان علما کونسل نے اپیل کی کہ نمازی گھر میں سنتیں ادا کرکے مساجد آئیں اور بعد کی سنتیں بھی گھر جا کر پڑھیں۔ نمازیں مساجد میں کھلی جگہ پر ادا کی جائیں۔ مصافحہ اور معانقہ کرنے کی بجائے زبان سے السلام علیکم ورحمۃ اللہ کہا جائے۔ اجلاس کے اعلامیہ میں آئمہ کرام سے اپیل کی گئی کہ وہ وزارت کی طرف سے ملنے والی ہدایات پر مکمل عمل کی تلقین کریں۔