Wednesday, April 24, 2024

پاکستان طالبان کیخلاف فوجی کارروائی نہیں کرے گا، وزیراعظم عمران خان

پاکستان طالبان کیخلاف فوجی کارروائی نہیں کرے گا، وزیراعظم عمران خان
June 25, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے نیویارک ٹائمز کو انٹرویو میں کہا، پاکستان طالبان کیخلاف فوجی کارروائی نہیں کرے گا۔

افغانستان

وزیراعظم نے کہا، امریکا کے دباؤ پر بدقسمتی سے پاکستان نے فوج القاعدہ کے خلاف قبائلی علاقوں میں بھیجی، طالبان نے افغانستان پر قبضہ کرلیا تو بارڈر سیل کردیں گے۔

اُنہوں نے کہا، پاکستان افغانستان میں خانہ جنگی کا حصہ نہیں بننا چاہتا، صرف وہ افغان حکومت تسلیم ہوگی جسے عوام چنیں گے۔

عمران خان نے کہا، افغان صدر کو یقین دلایا امن کیلئے ہر کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ بدقسمتی سے افغان حکومت محسوس کرتی ہے پاکستان کو مزید کچھ کرنا چاہئے، افغان حکومت کا یہ رویہ بہت ہی افسوس ناک ہے۔

پاک بھارت تعلقات

اُن کا کہنا تھا کہ، میں نے کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوا، میرے خیال میں بھارت پر آر ایس ایس کی ہندو توا آئیڈیالوجی مسلط ہے۔ نرنیدر مودی اس انتہا پسند نظریے کو ماننے والا ہے۔ ہندو توا کی انتہاء پسند آئیڈیالوجی پاک بھارت تعلقات میں دیوار بنی ہے۔ اگر بھارت میں کوئی دوسری قیادت آتی ہے تو مجھے امید ہے کہ تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔

بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر

وزیراعظم بولے کہ، اگر بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی حثیت بحال نہیں ہوتی تو یہ بھارت کے لئے تباہ کن ہوگا۔ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا اس وقت تک پاک بھارت تعلقات بحال نہیں ہوسکتے۔

چین، امریکا دشمنی

عمران خان نے کہا، مجھے حیرانگی ہے کہ چین اور امریکا دشمن کیوں بن گے؟، چین اور امریکا کی دشمنی کی کومنطق نہیں، اگر دو معاشی سپر پاور مل جاتی ہیں تو دنیا کے لئے بہت ہی مفید ہوگا۔

پاکستان کے چین اور امریکا کیساتھ تعلقات

انہوں نے کہا، ہم چین اور امریکا میں سے ایک کا انتخاب کیوں کریں میرے خیال میں ہمارے سب کے ساتھ تعلقات بہتر ہونے چاہیں۔ چین ہمارے ساتھ بہت ہی اچھا رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران اور اس جنگ کے بعد پاکستان کی بہتری کے لئے چین کا کردار زبردست رہا ہے۔

معاشی سرگرمیاں

اُن کا کہنا تھا کہ، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران ہمارا قرضہ بڑھ گیا، معاشی سرگرمیاں رک گئیں اس وقت چین پاکستان کی مدد کے لئے آیا، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کے چین کے ساتھ گہرے مراسم ہیں۔

امریکا کیساتھ تجارتی تعلقات

وزیراعظم عمران خان نے امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کردیا۔ امریکا کے ساتھ تعلقات میں خرابی کی وجوہات بھی بتا دیں۔

ڈور مور مطالبہ

دوران انٹر ویو مزید بولے، امریکا سمجھتا ہے کہ امریکی امداد حاصل کرنے کے بعد پاکستان اس کی ہر بات ماننے کا پابند ہے، اور پاکستان سے ڈور مور کا مطالبہ کرتا رہا۔ اُنہوں نے کہا، پاکستان نے امریکی جنگ کی بھاری قیمت ادا کی، جس میں 70 ہزار پاکستانی شہید ہوئے۔ 150 ارب ڈالر کا نقصان اُٹھانا پڑا، پاکستان میں خودکش حملے ہوئے۔