Saturday, April 20, 2024

پاکستان سے چارارب ستر کروڑ ڈالر بذریعہ دبئی بھارت بھجوائے جانے کا انکشاف

پاکستان سے چارارب ستر کروڑ ڈالر بذریعہ دبئی بھارت بھجوائے جانے کا انکشاف
April 26, 2016
اسلام آباد(92نیوز)پاکستان سے آف شور کمپنیوں کے نام پر چار ارب ستر کروڑ ڈالر بذریعہ دبئی بھارت بھجوائے جانے کا انکشاف ہواہے نائنٹی ٹو نیوز نے پاناما لیکس طرز کے اسکینڈل کا سراغ لگاتے ہوئے دستاویزی ثبوت حاصل کرلئے ہیں پاکستان سے رقم کس طرح باہر گئی ۔ تفصیلات کےمطابق پانامہ لیکس کا شور ابھی تھما نہیں  کہ آف شور کمپنیوں کا ایک اور اسکینڈل بے نقاب ہوگیا ۔ نائنٹی ٹو نیوز نے آف شور کمپنیوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری  کے ایک اور اسکینڈل کا سراغ لیا ایف بی آر کے خصوصی سیل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے ایک سال کے دوران آف شور کمپنیوں کے نام پر چار ارب ستر کروڑ ڈالر پاکستان سے براستہ دبئی بھارت بھجوائے گئے ۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ میں رقم بھارت بھجوانے کی تصدیق کے بعد  ایف بی آر کے ان لینڈ انٹیلی جنس اورانوسٹی گیشن ونگ نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ رپورٹ کے مطابق رئیل اسٹیٹ کے نام پر سرمایہ کاری ظاہر کرکے رقم باہر بھجوائی گئی کروڑوں ڈالر بھجوانے والوں میں وہ لوگ شامل ہیں جو یا تومعمولی ٹیکس دیتے ہیں یا پھر سرے سے دیتے ہی نہیں  تحقیقات ہوئیں تو پتہ چلا کہ یہ لوگ صرف فرنٹ مین ہیں جن کا نام استعمال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق چئیرمین ایف بی آر نے اسکینڈل کی تحقیقات رکوادی ہیں ۔ ایف بی آر رپورٹ  کے مطابق جن آف شور کمپنیوں کے نام پر رقم باہر بھجوائی گئی ان میں ایک کے مالک  حسین علی سنجوانی کےخلاف مصر  نے ریڈ وارنٹ جاری کئے ہوئے ہیں جبکہ دوسری کمپنی کا ذمہ دار رگھو راج بالا کرشنا بھارتی شہری ہے ۔ ناینٹی ٹو نیوز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق ابتدائی طور چار سوباسٹھ ایسے افراد کا سراغ لگایا گیا ہے جن کے ظاہر اثاثے باہر بھجوائی جانی والی رقم کے مطابق نہیں۔