Thursday, March 28, 2024

پاکستان سے ایران اغوا ہونے والے بچوں کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا

پاکستان سے ایران اغوا ہونے والے بچوں کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا
December 8, 2018
پشاور (92 نیوز) پاکستان سے مبینہ طور پر ایران اغوا ہونے والے بچوں کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا۔ ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے تمام بچے افغانی ہیں جو اس وقت ایران کے ایک کیمپ میں موجود ہیں۔ آئل ٹینکر کے ذریعے سمگل کئے جانے والے بچوں کی کہانی کا ڈراپ سین ہو گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھائے گئے آئل ٹینکر میں موجود سارے بچے افغانی تھے اور سب کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ ٹینکر کے ڈرائیور کے پاس ایران کا ویزہ موجود تھا اور وہ اپنے خاندان کو غیر قانونی طور پر ایران لے جانا چاہتا  تھا۔ صوبائی وزیر اطلاعات  شوکت یوسفزئی کے مطابق ایران میں پاکستان کے سفارخانے نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ ٹینکر میں موجود تمام بچے افغانی تھے۔ وزارت خارجہ کے مراسلے کے مطابق ایران کی بارڈر فورس نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ ٹینکر سے ملنے والے بچے ایک ہی خاندان سے ہیں جن کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ انہیں ایران کے ایک کیمپ میں رکھا گیا ہے اور انہیں بہت جلد افغانستان ڈی ہورٹ کیا جائے گا۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کے مطابق مردان سے اغوا ہونے والی بچی فرشتہ نور اس ٹینکر میں موجود نہیں تھی۔ اس کی بازیابی کے لئے پولیس نے کوششیں تیز کر دی ہیں اور اسے جلد بازیاب کرایا جائے گا۔