Sunday, September 8, 2024

پاکستان سپرلیگ میں شامل ٹیموں نے ملکی اور غیرملکی کرکٹرز خرید لیے

پاکستان سپرلیگ میں شامل ٹیموں نے ملکی اور غیرملکی کرکٹرز خرید لیے
December 21, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان سپر لیگ کیلئے ملکی اور غیرملکی کھلاڑیوں کی بولی لگ گئی ہے۔ شاہد آفریدی اور وہاب ریاض پشاور زلمے‘ کرس گیل اور عمراکمل لاہور قلندر میں شامل ہیں۔ شعیب ملک ،سہیل تنویر اور شکیب الحسن کراچی کنگز کے لیے کھیلیں گے۔ شین واٹسن اور مصباح الحق اسلام آباد یونائٹیڈ اور کیون پیٹرسن کوئٹہ کے لیے منتخب ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کیلئے کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کی تقریب آج منعقد ہوئی۔ تقریب میں وسیم اکرم‘ رمیز راجہ‘ معین خان‘ اعجاز احمد سمیت متعدد کرکٹرز نے شرکت کی۔ پلاٹینم کیٹگری کیلئے پشاور زلمی نے شاہد آفریدی‘ اسلام آباد یونائٹیڈ نے آل رانڈر شین واٹسن‘ کراچی کنگز نے شعیب ملک‘ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن‘ لاہور قلندرز نے کرس گیل کو منتخب کر لیا۔ سرفراز احمد کوئٹہ‘ آندرے رسل اور مصباح الحق اسلام آباد‘ ڈوائن براوو لاہور‘ شکیب الحسن کراچی‘ عمراکمل لاہور‘ احمدشہزاد کوئٹہ‘ وہاب ریاض‘ ڈیری سیمی پشاور‘ سہیل تنویر کراچی‘ عماد وسیم کراچی‘ محمد رضوان‘ لاہور‘ انور علی کوئٹہ‘ سیمویل بدری اسلام آباد‘ محمد عرفان اسلام آباد‘ کامران اکمل پشاور‘ بریڈ ہیڈن اسلام آباد‘ روی بوپارا کراچی‘ یاسرشاہ لاہور‘ جیسن ہولڈر کوئٹہ جبکہ محمد حفیظ پشاور کی جانب سے کھیلیں گے۔ ان کھلاڑیوں کا انتخاب لاہور میں منعقدہ تقریب میں عمل میں آیا۔ اس موقع پر پانچوں فرنچائز کے مالکان اور کوچز بھی موجود تھے جنہوں نے مرحلہ وار اپنی پسند کے کرکٹرز کا انتخاب کیا۔ پاکستان سپر لیگ کے ”آئی کون“ کرکٹرز کے طور پر شاہد آفریدی کو پشاور‘ کراچی نے شعیب ملک، لاہور نے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، اسلام آباد نے آسٹریلیا کے شین واٹسن اور کوئٹہ نے انگلینڈ کے کیون پیٹرسن کو منتخب کیا۔ خیال رہے کہ ہر ٹیم 16 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی اور ہر ٹیم کو پلاٹینم‘ ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹگری سے تین‘ تین اور سلور کیٹگری میں پانچ‘ پانچ کرکٹرز شامل کرنے کی اجازت ہے جبکہ دو‘ دو کرکٹرز ایمرجنگ کیٹگری سے لیے جاسکتے ہیں۔ ہر ٹیم چار غیرملکی کرکٹرز شامل کرسکتی ہے۔