Thursday, April 25, 2024

پی ایس ایل فائنل، تمام آن لائن ٹکٹیں فروخت ہوگئیں

پی ایس ایل فائنل، تمام آن لائن ٹکٹیں فروخت ہوگئیں
March 1, 2017

لاہور (92نیوز) پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لئے لٹ پڑ گئی، تمام آن لائن ٹکٹیں فروخت ہوگئیں۔ پانچ سو روپے والی ٹکٹوں کے حصول کے لیے بینکوں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں، ایک شناختی کارڈ پر چار ٹکٹیں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ پانچ سو والی ٹکٹ لاہور میں بینک آف پنجاب کی پندرہ برانچوں پر دستیاب ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں آیا تو گویا ملک بھر میں کرکٹ کے دیوانوں میں بجلیاں دوڑ گئیں۔ فائنل کا کھیل جمنے کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا اعلان ہوا تو ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ محض چند گھنٹوں میں ہی پورے سٹیڈیم کی ٹکٹیں فروخت ہو گئیں۔ قذافی سٹیڈیم میں میچ دیکھنے والے شائقین نے اپنے اپنے کریڈٹ کارڈ نکال لیے۔

پی ایس ایل انتظامیہ نے چارہزار سے بارہ ہزار روپے مالیت کے ٹکٹس ہی آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے تھے۔ اس کے باوجود فروخت کے پہلے ہی گھنٹے میں وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژر جن کے ٹکٹس کی مالیت بارہ ہزار روپے تھی فروخت ہوگئیں۔ اس کے بعد انضمام الحق، نذر محمد، حنیف محمد انکلیوژرز کے ٹکٹس بھی شائقین نے بک کرالیے۔

بارہ ہزار روپے والے ٹکٹس کے جاوید میانداد اور عمران خان انکلیوژر بھی تیسرے ہی گھنٹے میں مکمل سولڈ آؤٹ ہوگئے۔ سب سے آخر میں اے ایچ کاردار انکلیوژر کے ٹکٹس فروخت ہوئے۔ اس انکلیوژر کے ٹکٹس کی مالیت آٹھ ہزار روپے تھی۔

فروخت کے آغاز کے صرف چار گھنٹوں کے اندر اندر ہی تمام آن لائن ٹکٹس شائقین نے خرید لیے اور ویب سائیٹ نے سٹیڈیم سولڈ آؤٹ کا بورڈ آویزاں کردیا۔ پانچ سو روپے کے ٹکٹس بینک آف پنجاب کی منتخب شاخوں پر فروخت کیے جارہے ہیں جن کے حصول کے لیے بینک اور شائقین کے درمیان گھمسان کا رن جاری ہے۔