Wednesday, May 1, 2024

پاکستان سپر لیگ کیلئے تمام پانچ ٹیموں کا سولہ سولہ کھلاڑیوں کا اعلان، یونس خان اور سعید اجمل سمیت کئی قومی کھلاڑی باہر

پاکستان سپر لیگ کیلئے تمام پانچ ٹیموں کا سولہ سولہ کھلاڑیوں کا اعلان، یونس خان اور سعید اجمل سمیت کئی قومی کھلاڑی باہر
December 23, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان سپر لیگ کے لئے تمام پانچ ٹیموں نے سولہ سولہ کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا۔ ٹیموں نے پاکستان اور دنیا بھر کے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا لیکن یونس خان اور سعید اجمل سمیت کئی قومی کھلاڑی کسی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔ کرکٹ شائقین کو انتظار تھا کہ وہ دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ یونس خان اور سعید اجمل جیسے سپر اسٹارز کو بھی ایکشن میں دیکھیں گے لیکن شائقین کو اس وقت حیرانی کا سامنا کرنا پڑا جب کسی بھی ٹیم نے ان دونوں کھلاڑیوں کو منتخب نہ کیا۔ یونس خان کا شمار ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین بیٹسمینوں میں ہوتا ہے۔ وہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں لیکن شاید یہی پہچان انہیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے اس میگا ایونٹ سے دور کرنے کا باعث بن گئی۔ کئی سال تک پاکستان کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کامیابیاں دلانے والے سعید اجمل کا دور بھی شاید ختم ہو گیا ہے۔ ان کے عدم انتخاب میں ان کے تبدیل شدہ باؤلنگ ایکشن کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔ قومی کرکٹر ناصر جمشید، عدنان اکمل، فیصل اقبال، سمیع اسلم، مختار احمد، رفعت اللہ مہمند، اعزاز چیمہ، توفیق عمر، یاسر حمید اور عمران خان سینئر بھی کسی ٹیم میں منتخب نہ ہو سکے۔