Friday, April 26, 2024

پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہو گا

پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہو گا
February 27, 2017
  لاہور(92نیوز)پنجاب حکومت نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کی منظوری دے دی ۔ فائنل کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے ۔ اعلان ہوتے ہی شہریوں کے جوش جذبے میں بھی اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کےمطابق پی ایس ایل پاکستان لوٹ آئی ۔ پنجاب کے بڑوں نے بڑا فیصلہ سنایا تو ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔دن ہوگا پانچ مارچ کا  جب فائنل کھیلنے والی ٹیمیں لاہور میں ٹکرائیں گئی اور کرکٹ لورز کا جوش جذبہ بھی ساتویں آسمان کو چھو جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اہم اجلاس ہوا جہاں کابینہ کمیٹی اور سیکیورٹی اداروں کی مشاورت سے لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ کرکٹ کے دیوانوں نے اس فیصلے کا کیا طویل انتظار اب وہ دیکھیں گے بلے بازوں کی دھواں دھار بیٹنگ اور باؤلروں کی سوئنگ باؤلنگ  اور ہو گا تاریخی قذافی اسٹیڈیم کا میدان ۔ فیصلہ آیا حکومت پنجاب کی طرف سے ۔پہلے رانا ثنااللہ نے فیصلے کی تصدیق کی اور بتا دیا کہ لاہوریے تیار ہوجائیں میدان سجنے کو ہے ۔بڑے بڑے کھلاڑی پھر سے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلتے دکھائی دیں گے۔ پھر آئے پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی سامنے اور قوم کو بتا دیا کہ قذافی اسٹیڈیم میں تیاریاں عروج پر ہیں اور آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ سمیت مختلف ممالک کے بورڈز کے سکیورٹی انچارج بھی آئیں گے۔ نجم سیٹھی نے اس کے ساتھ ہی شائقین کو ایک اور بڑی بات بھی بتا دی کہ ٹکٹ پانچ سو سے لیکر بارہ ہزار تک کی قیمت میں منگل کو دستیاب ہو نگے۔ اب شائقین کرکٹ اپنے ہی ملک میں پی ایس ایل کا کلائمیکس دیکھیں گے، فائنل دیکھنے کے لئے سبھی تو پرجوش ہیں ۔فائنل کے لئے قذافی اسٹیڈیم کی تزئیں و نمائش بھی عروج پر پہنچ گئی ہے۔