Monday, September 16, 2024

دبئی: پاکستان سپر لیگ میں آج اور کل آرام کا وقفہ ہے

دبئی: پاکستان سپر لیگ میں آج اور کل آرام کا وقفہ ہے
February 13, 2017

دبئی (ویب ڈیسک) پاکستان سپرلیگ ایونٹ میں اب تک چھے میچز کھیلے جا چکے ہیں جو تمام کے تمام دبئی میں کھیلے گئے۔ اگلے آٹھ میچز شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔ پی ایس ایل ٹو میں شامل ٹیموں کی اب تک کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو اب تک ٹیم سرفراز کی کارکردگی سب سے بہتر رہی ہے جبکہ سنگاکارا الیون سب سے غیرمتاثر کن رہی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے پہلے دونوں میچز میں فتح اپنے نام کی ہے جبکہ بڑے بڑے ستاروں سے سجی کراچی کنگز کو دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اب تک دو ٹیموں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز نے تین، تین میچز کھیلے ہیں۔

پشاور نے دو میچ جیتے اور ایک میں شکست کا سامنا کیا جبکہ لاہور کے حصے میں صرف ایک فتح آئی جبکہ دو میچوں میں اسے شکست ہوئی۔ کوئٹہ، اسلام آباد اور کراچی کی ٹیموں نے اب تک دو، دو میچز کھیلے ہیں۔ اسلام آباد نے ایک میچ جیتا اور ایک میں اسے شکست ہوئی۔

پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی چار پوائنٹس لیکن بہتر رن اوسط کے ساتھ پہلی، کوئٹہ چار پوائنٹس کے ساتھ دوسری، لاہور دو پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور اسلام آباد اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔ کراچی کی ٹیم بغیر کسی پوائنٹ کے پانچویں اور آخری پوزیشن پر ہے۔ پی ایس ایل کا اگلا میچ بدھ کو اسلام آباد اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان شارجہ میں کھیلا جائے گا۔