Thursday, May 9, 2024

پاکستان سپر لیگ، لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ہرا کر پہلی مرتبہ فائنل میں جگہ بنالی

پاکستان سپر لیگ، لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ہرا کر پہلی مرتبہ فائنل میں جگہ بنالی
November 16, 2020
کراچی (92 نیوز) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 25 رنز سے ہرا کر پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 25 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی، فائنل میں لاہور قلندرز کی ٹیم کل کراچی کنگز کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 182 رنز جوڑے، ڈیوڈ ویزے نے صرف اکیس گیندوں پر 48 رنز بٹورے۔ فخر زمان 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، سمت پٹیل نے 26 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز نے ہدف کا تعاقب طوفانی انداز میں کیا، نویں اوورز تک ملتان کا اسکور 80 تک پہنچ چکا تھا، ایڈم لیتھ نے طوفانی ففٹی اسکور کی۔ رنز کا سیلاب روکنے کیلئے مرد میدان ویزے آئے اور باؤلنگ میں بھی سلطانز پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے اور 3 قیمتی شکار کیے۔ حارث رؤف نے بھی عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں لیں، شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی میں حارث کا پچاسواں شکار بنے۔ سابق کپتان کو آؤٹ کرنے پر حارث رؤف نے احتراماً ہاتھ جوڑے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم پہلی بار فائنل میں پہنچی ہے، فیصلہ کن معرکہ کل ہوگا جس میں لاہور اور کراچی میں زور کا جوڑ پڑے گا۔