Wednesday, April 24, 2024

پاکستان سپر لیگ فائیو کے سنسنی خیز مقابلے شروع ہونے میں دو روز باقی

پاکستان سپر لیگ فائیو کے سنسنی خیز مقابلے شروع ہونے میں دو روز باقی
February 18, 2020
کراچی ( 92 نیوز) پاکستان سپر لیگ فائیو کے سنسنی خیز مقابلے شروع  ہونے میں  صرف دو روز باقی رہ گئے ،  میگا ایونٹ کے لیے تیاریا ں  اور جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا،سکیورٹی سمیت تمام ادارے الرٹ ہیں ، ٹیموں نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا ۔غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی اپنی  اپنی  ٹیموں کو جوائن کر لیا ۔ پاکستان سپر لیگ  کے پانچویں ایڈیشن  کیلئے  کھلاڑی،میدان ،شائقین اور پاکستان تیار ہے ۔ اب ہو گا چوکوں ،چھکوں کا راج ،سنگل، ڈبل پر بازی پلٹنے کی ہو گی کوشش ، باؤلنگ سے  سوئنگ اور  یارکر سے بلے بازوں کو کیا جائے گا پریشان، فیلڈنگ سے روکا جائے گا بڑا ٹوٹل ،سب ٹیمیں چیمپئن  بننے  کیلئے  لگائیں  گی خوب زور۔ بڑے ایونٹ کے آغاز  میں صرف دو دن باقی رہ گئے ۔20فروری کو نیشنل اسٹیڈیم میں ایونٹ کی  افتتاحی تقریب میں  راحت  فتح علی خان، سجاد علی، ابرار الحق، صنم ماروی اور آئمہ بیگ  سمیت 350فنکار اپنی آوازوں کا جادو جگائیں گے ۔ پی ایس ایل کیلئے ٹیموں کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ پریکٹس میچ میں اسلام آباد نےکراچی کنگز کواٹھائیس رنز سےشکست دےدی۔ دوسرے پریکٹس میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو  71رنز سے ہرایا۔ شین واٹسن ، لیوک رونکی، فواد احمد نے پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی کو خوش آئند قرار دیا اسلام آباد کے رومان رئیس اور آصف علی نے اپنی ٹیم کو لکی اور تگڑا قرار دیا تو گلیڈی ایٹرز کے احمد شہزاد  اور عمر اکمل نے اچھی کرکٹ کھیلنے کی ٹھان لی ، دونوں ٹیموں کے کوچز کو بھی ہے اپنے اپنے اسکواڈز پر پورا اعتماد ہے ۔ پشاور زلمی  کے ہیڈ کوچ محمد اکرم اور فاسٹ بولر حسن علی اچانک نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے پریکٹس ایریا کے قریب بنے  ڈھابے پر پہنچے اور وہاں بیٹھے مداحوں کے ساتھ گپ شپ لگائی اور ان کی خواہش پر کھانا کھایا اور چائے پی۔  مداحوں نے بھی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے  دونوں کیساتھ خوب سیلفیاں بنائیں۔