Monday, September 16, 2024

پاکستان سپر لیگ تھری، پرامن اختتام کے بعد غیر ملکی کھلاڑی اپنے ملک واپس چلے گئے

پاکستان سپر لیگ تھری، پرامن اختتام کے بعد غیر ملکی کھلاڑی اپنے ملک واپس چلے گئے
March 26, 2018

 کراچی (92 نیوز) پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ۔ سیزن تھری کے پرامن اختتام کے بعد غیرملکی کھلاڑی اپنے اپنے ملک واپس چلے گئے ۔  ایونٹ کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ گورنر سندھ کی دعوت پر ضیافت میں شریک ہوئی۔

 پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے بعد غیر ملکی کھلاڑی رات گئے اپنے وطن واپس چلے گئے ۔ غیر ملکی کھلاڑیوں میں پشاور زلمی کے لیام ڈائوسن ، کرس جارڈن ، ویسلز شبیر رحمان جبکہ اسلام یونائیٹڈ کے سیموئل بدری، پٹیل اور اسٹیفن فن اپنے ملک چلے گئے ۔  پشاور زلمی کے دیگر کھلاڑی کپتان ڈیرن سمی کے ہمراہ نجی ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔

 پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ گورنر سندھ محمد زبیر کی دعوت پر نیشنل اسٹیڈیم سے گورنر ہاوس پہنچی ۔

 کپتان مصباح الحق ، جے پی ڈومنی ، لیوک رونچی ، شاداب خان اور دیگر کھلاڑیوں نے کوچ وقار یونس کے ہمراہ گورنر سندھ سے ملاقات کی ۔

 گورنر سندھ نے غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت پوری ٹیم کو بہترین کھیل پر سراہا ۔

 گورنر سندھ نے کہا کہ ان کے مطابق پی ایس ایل فائنل کا پرامن اور کامیاب انعقاد پاکستان کرکٹ کی جیت ہے ۔ انہوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں سے پاکستان آمد پر اظہار تشکر کیا ۔

 ادھر کرکٹ کے دیوانوں نے حکومت پاکستان اور پی سی بی سے مطالبہ کیا کہ اگلے سال پورا پی ایس ایل پاکستان میں کرایا جائے ۔