Friday, April 19, 2024

پاکستان سٹیزن پورٹل پر صوبوں کی کارکردگی کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش

پاکستان سٹیزن پورٹل پر صوبوں کی کارکردگی کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش
July 27, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان سٹیزن پورٹل پر صوبوں کی کارکردگی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی، شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سرفہرست جبکہ سندھ حکومت سے سے پیچھے رہے، سندھ کے صوبائی محکموں کے عدم تعاون پر وزیراعظم نے چیف سیکرٹری کو خط لکھنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم عمران خان کو پیش کی گئی سٹیزن پورٹل کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق  وفاقی دارالحکومت میں 90 فیصد شکایات پر عملدرآمد ہوا، خیبرپختونخوا حکومت نے 86 فیصد اور پنجاب نے 85 فیصد شکایات حل کیں۔ پیش کردہ رپورٹ کے مطابق  بلوچستان اور گلگت بلتستان حکومت نے 74 فیصد شکایات حل کیں، سندھ میں وفاقی اداروں نے 84 فیصد شکایات حل کیں، وفاقی اداروں کی جانب سے 89 فیصد شکایات حل کی گئیں ۔

سٹیزن پورٹل  پر درج  6 لاکھ 80 ہزار شکایتوں اکا ازالہ کیا گیا

رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت ک محکمے صرف 30 فیصد شکایات کے حل کے ساتھ سب سے پیچھے ہیں، پاکستان بھر میں زیرالتوا شکایات کی تعداد 37 ہزار 574 ہیں، جن میں سے 32 ہزار سندھ حکومت کی ہیں، سندھ میں سب سے زیادہ شکایات پولیس، پینے کے پانی اور نکاسی کے حوالے سے آئیں۔ وزیراعظم نے صوبائی محکموں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ کو خط لکھنے کی ہدایت کی ،  اُن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے عدم تعاون کا نقصان عام شہریوں کو ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے  پاکستان سٹیزن پورٹل  کا افتتاح گزشتہ برس 28 اکتوبر کو کیا تھا ، افتتاحی تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ   پرانے پاکستان میں غلامانہ مائنڈ سیٹ تھا ، غریب عوام سرکاری دفاتر میں دھکے کھاتے  تھے  مگر  اب دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھے شخص کا مسئلہ ہمیں  پتہ چلے گا۔ پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے وزیراعظم سے عام شہری، سمندر پار پاکستانی اور غیرملکی افراد بھی رابطہ کر سکتے ہیں ، موبائل ایپ کے ذریعے رابطے کیلئے لاگ ان اکاؤنٹ بنا کر مکمل نام، جنس اور تاریخ پیدائش کی معلومات فراہم کرنا ہوتی ہے ، جس کے بعد شکایات کے اندراج سے لے کر ان کے حل تک شکایت کنندہ کو اپ ڈیٹ رکھا جاتا ہے ۔ شہری تعلیم،  صحت، امن و امان اور زمین کے تنازع سے متعلق شکایت کر سکیں گے ، بجلی کی لوڈشیڈنگ، میونسپل سروسز اور انسانی حقوق سے جڑے معاملات کی نشاندہی بھی  کر سکتے ہیں ۔ اس سسٹم کے تحت  شکایات اور تجاویز وزیر اعظم آفس کو براہ راست موصول ہوتی ہے ، شکایات کے ازالہ تک وزیراعظم کی خصوصی ٹیم مانیٹرنگ کرتی ہے ۔