Sunday, May 5, 2024

پاکستان سمیت دنیابھر میں نرسز کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیابھر میں نرسز کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے
May 12, 2016
لاہور (92نیوز) بیماری کے دوران بہتر علاج کے لیے ڈاکٹرز کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن اس دوران مریض کی دیکھ بھال میں نرسز کا بڑا اہم کردار ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال پر مامور نرسز کا آج عالمی دن منایا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تیمارداری اگرچہ ایک سماجی فریضہ ہے تاہم فی زمانہ اسے باقاعدہ پروفیشن کا درجہ حاصل ہے۔ بیماروں کی دیکھ بھال کو جدید طرز سے روشناس کرانے والی فرانسیسی نرس فلورنس نائٹ انگیل بارہ مئی اٹھارہ سو بیس کو پیدا ہوئی تھیں۔ آج ان کی سالگرہ کے روز پوری دنیا میں نرسوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ انٹرنیشنل کونسل آف نرسز نے یہ دن پہلی مرتبہ انیس سو پینسٹھ میں منایا۔ یہ دن منانے کا مقصد نوجوانوں کو نرسنگ کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی جانب مائل کرنا اور اس شعبے کو مزید ترقی سے ہمکنار کرنا ہے۔ دنیا بھر میں آج کے دن ریلیاں نکالی جاتی ہیں اور سیمینار منعقد کیے جاتے ہیں۔ نرسز کی تنظیمیں عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے اپنا لٹریچر تقسیم کرتی ہیں اور مختلف این جی اوز اور سماجی شخصیات مختلف ہسپتالوں میں جاکر نرسز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں کی خدمت پر مامور ان نرسوں کے ساتھ عام زندگی میں کیا مسائل ہیں اس پر بھی غور کی ضرورت ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ان تیمارداروں کے مسائل کو بھی نہ صرف محسوس کیا جائے بلکہ انہیں سنجیدگی سے حل کرنے کی کوشش بھی کی جائے۔