Monday, September 16, 2024

پاکستان سمیت دنیابھر میں سپربلیو مون کا دلفریب نظارہ کیا گیا

پاکستان سمیت دنیابھر میں سپربلیو مون کا دلفریب نظارہ کیا گیا
January 31, 2018

لاہور ( 92 نیوز ) پاکستان سمیت دنیابھر میں سپربلیو مون کا دلفریب نظارہ کیا گیا ، چاند کہیں سرخ ،کہیں نیلا تو کہیں بہت بڑا دکھائی دیا ۔ مختلف مقامات پر بلیو مون کے نظارے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔ فاصلہ کم ہونے کے باعث چاند معمول سے سات فیصد بڑا اور روشنی سولہ فیصد زیادہ دکھائی دی ۔
زمین کے باسیوں نے 152 برس بعد چاند کے تین روپ ایک ساتھ دیکھے ۔ چاند کہیں سرخ ،کہیں نیلا تو کہیں بہت بڑا دکھائی دیا جبکہ روشنی میں بھی سولہ فیصد اضافہ ہوا۔پاکستان بھر میں یہ دلکش منظر دیکھا گیا ۔
سپر بلیو مون کا آغاز ہوا تو دیکھنے والے چاند کے روپ دیکھ کر دنگ رہ گئے ۔لاہور میں سپر بلیو مون کا نظارہ دیکھنے والے پرجوش ور ان خوبصورت لمحات کو محفوظ کرتے دکھائی دیئے ۔
جڑواں شہروں میں بھی لوگوں کا جوش ساتویں آسمان کو چھو رہا تھا ، سپر بلیو مون کا آغاز ہوتے ہی لوگوں نے چاند کے بدلتے روپ دیکھے ۔
ملتان میں سپر بلیو مون کا نظارہ دیکھنے والے قلعہ کہنہ قاسم باغ پہنچے ،بادلوں اور چاند کے درمیان آنکھ مچولی دیکھی اور پھر سپر بلیو مون دیکھ کر دعائیں بھی کی گئیں ۔
جامعہ کراچی انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس این ڈپلانیٹری اسٹروفزکس میں خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ جامعہ کراچی کی طلباء کا کہنا تھا سپر بلیو بلڈ مون کے بارے میں پہلے صرف سنا پڑھا
تھا لیکن اسے حقیقت میں دیکھنا ایک یادگار تجربہ ہے ۔
انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈپلانیٹری اسٹروفزکس کے پروفیسر جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ چاند اور زمین فاصلہ انتہائی کم ہے یہ مناظر اب اگلی صدی میں دیکھے جاسکیں گے ۔
جامعہ کراچی میں چاند دیکھنےکیلئے خصوصی ٹیلی اسکوپ بھی لگائی گئی تھی ۔
پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکا اور کینیڈا کے مغربی حصے، شمال مشرقی یورپ، روس، ایشیا، بحر ہند، بحر الکاہل، بحر اوقیانوس میں بھی چاند کا رنگ بدلتا چہرہ دیکھا گیا ۔