Tuesday, April 23, 2024

دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے
January 5, 2017

اسلام آباد (92نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری پانچ جنوری کو یوم حق خودارادیت کے طور پر منا رہے ہیں جس کا مقصد اقوام متحدہ کو اسکی قرارداد پر عمل کرانے کے حوالے سے یاددہانی کرانا ہے۔ اس موقع پر کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کیلئے مختلف تقاریب منعقد ہوں گی۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پانچ جنوری 1949 کو کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازعہ مسئلہ تسلیم کرتے ہوئے کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ استصواب رائے کے ذریعے کرنے کے حق میں قرارداد منظور کی تھی جس کی یاد میں ہر سال یوم حق خودارادیت منایا جاتا ہے۔

ایک طرف اقوام متحدہ  کشمیر کے معاملے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے تو دوسری طرف بھارت کی قابض افواج نے نہتے اور مظلوم کشمیریوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کررکھا ہے۔ اب تک 90ہزار سے زائد کشمیری شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ ہزاروں کشمیریوں کو غیرقانونی حراست میں رکھا گیا ہے جبکہ ہزاروں عفت مآب خواتین کی عصمت دری کی گئی ہے۔

گزشہ برس جولائی میں کشمیری مجاہد لیڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک میں شدت آگئی ہے۔ حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک اور دیگر کا یوم حق خودارادیت پر اپنے پیغامات میں کہنا تھا کہ کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی ملنے تک اقوام متحدہ اور عالمی برادری کا ضمیر جگانے کی کوشش جاری رہے گی۔