Thursday, April 25, 2024

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہا ہے
February 5, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہا ہے، کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور سیمینارز ہوں گے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھرمیں عام تعطیل ہے۔ پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کو محبت اور حمایت کا دوٹوک پیغام دیا گیا ہے۔ انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا جائے گا۔ مقبوضہ وادی میں آزادی کی جدوجہد تو تقسیم ہند سے ہی جاری ہے لیکن 1991 میں حکومت پاکستان نے یہ دن  سرکاری طور پرمنانے کااعلان کیا۔ حریت رہنما کہتے ہیں کشمیریوں کو آزادی کی منزل ملنے تک انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ آج تحریک آزادی جس موڑ پر پہنچ چکی ہے اور بھارت نے ظلم کی جو نئی داستانیں لکھیں اس کے بعد کشمیریوں کی پاکستان سے توقعات اور بھی بڑھ گئی ہیں۔ پانچ فروری کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں۔ حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے پاکستان کی سیاسی قوتوں کو بھی یکجا ہونا ہو گا۔ کشمیریوں کی پاکستان سے امیدیں زیادہ ہیں تو عزم بھی بلند ہیں ۔ گیارہ لاکھ قابض بھارتی فوج کی بندوقوں کے سائے تلے کشمیریوں کا نعرہ ایک ہی ہے ۔ ہم چھین کے لیں گے آزادی۔