Monday, September 16, 2024

پاکستان سمیت دنیا بھر میں فرینڈشپ ڈے آج منایا جارہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں فرینڈشپ ڈے آج منایا جارہا ہے
July 30, 2018
لاہور (92 نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں فرینڈشپ ڈے آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد باہمی رشتوں کو مزید مضبوط بنانا اور معاشرے میں امن و بھائی چارے کا فروغ ہے۔ زندگی، خوشی اور اطمینان کا دوسرا نام دوستی ہے۔ آج کا دن مخلص دوست کے نام ہے۔ دوستی اللہ کی طرف سے انسانوں کے لیے ایک خوبصورت تحفہ ہے۔ عالمی پیمانے پر یہ دن ہر سال 30 جولائی کو منایا جا تا ہے۔کسی بھی زمانے میں دوستوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا گیا۔یہ دن منانے کا باقاعدہ آغاز انیس سو اٹھاون میں پیراگوائے سے ہوا۔ اگرچہ امریکہ اور چند دوسرے ممالک میں یہ دن 1919ء سے منایا جا رہا ہے۔دنیا کے دیگر ممالک میں یہ دن مختلف تواریخ کو منایا جاتا رہا۔ بھارت اور دیگر مشرقی ممالک میں یہ دن اگست کی پہلی اتوار کو منایا جاتا تھا لیکن 2011ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس دن کو ہر سال 30 جولائی کو منانے کا فیصلہ کیا۔ فرینڈشپ ڈے منانے کا مقصد دوستی کے رشتوں کے ذریعے امن کے کلچر کو فروغ دینا ہے اور دوستی کے رشتے کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے مگر یہ دن سوشل میڈیا کی وجہ سے مانند پڑتا جا رہا ہے اور بعض کو تو اس دن کا ہی علم نہیں۔ اہلِ علم کہتے ہیں یہ دن منانے کا مقصد دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانا اور موجودہ بے امنی اور انتشارکو ختم کرکے دوستی کو دنیا بھر میں پروان چڑھانا ہے تاکہ مختلف اقوام کے درمیان جاری تنازعات کم ہو سکیں۔