Friday, April 19, 2024

پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے
March 8, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) خواتین کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔ پاکستانی خواتین کہیں بھی کسی سے بھی کم نہیں۔ ملکی ترقی ہو یا دفاع ، دنیا میں امن کے فروغ کیلئے خواتین پیش پیش رہیں۔

آبادی کے 52 فیصد پر مشتمل خواتین مختلف شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ خدمات انجام دے رہی ہیں۔ افواجِ پاکستان نے خواتین کو ملکی دفاع اور ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کئے۔ طب کے شعبے سے نکل کر خواتین اب کور آف سگنلز، الیکٹریکل اینڈ مکینکل انجیئرنگ، آرڈیننس، آرمی سروسزکور، میڈیکل کور، ایجوکیشن برانچ،  ایڈمن اینڈ سروسز،  پبلک ریلیشنز، لابرانچز کے علاوہ بحریہ اور پاک فضائیہ کے مختلف شعبے بشمول جی ڈی پائلٹ شامل ہیں۔

خواتین قیادت اور فیصلہ سازی کے شعبے میں برابر کی شریک ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر اس کی ایک زندہ مثال ہیں جو اسلامی دُنیا کی پہلی خاتون سرجن جنرل ہیں۔ ان کے علاوہ میجر جنرل شاہدہ ملک اور میجر جنرل شاہدہ بادشاہ بھی افواجِ پاکستان میں خدمات سر انجام دے چکی ہیں۔ میجر سلمیٰ ممتاز کو 1971 کی جنگ میں خدمات کے جذبے  پر،  فلورنس نائٹ اینگل کے اعزاز سے نوازا گیا۔ پاکستان کی عسکری تاریخ میں 2013 میں خواتین کے پہلے بیج نے پیرا ٹروپنگ کا مظاہرہ کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔

دنیا میں امن کیلئے بھی پاکستانی خواتین پیش پیش ہیں۔ اس وقت 84 پاکستانی خواتین، اقوامِ متحدہ کی چھتری تلے امن مشن کا حصہ ہیں۔ پاکستانی خواتین کے کردار کا اعتراف امریکا کی سابق نائب معاون وزیر خارجہ ایل ویلز بھی کر چکی ہیں جبکہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بھی پاکستانی وومن پیس کیپرز کی خدمات کو انتہائی متاثر کن قرار دے چکے ہیں۔ 2020 میں اقوام متحدہ نے پاکستانی خواتین کے 15 رکنی امن دستے کو بہترین کارکردگی پر تمغوں سے نوازا۔

فلائٹ لیفٹیننٹ عائشہ فاروق پہلی  پاکستانی خاتون فائٹر پائلٹ تھیں۔ فلائینگ آفیسر مریم مختیار شہید کو فرض شناسی کے اعزاز میں تمغہ بسالت کے اعزاز سے نوازا گیا۔  ثمینہ بیگ ماؤنٹ ایورسٹ سَر کرنے والی پہلی خاتون گرل گائیڈز ہیں۔

محترمہ فاطمہ جناح،  بیگم شاہنواز،  سلمیٰ تصدق حُسین،  بیگم رعنا لیاقت علی خان،  بیگم وقار النساء نون،  محمودہ رزاق، اور  بیگم عبداللہ ہارون خواتین کے لئے ایک رول ماڈل ثابت ہوئیں۔ رواں سال عظیم الشان،  یومِ پاکستان پریڈ میں بھی افواجِ پاکستان، پولیس، رینجرز اور ائیر پورٹ سکیورٹی فورس کی خواتین بھرپور نمائندگی کریں گی۔