Monday, September 16, 2024

پاکستان سمیت دنیا بھر میں تھیٹر کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں تھیٹر کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے
March 27, 2018

 لاہور (92 نیوز) ثقافت کے فروغ اور ابلاغ عامہ کے لئے تھیٹر کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں تھیٹر کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے ۔

   تھیٹر کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے دنیا بھر میں ہر سال ستائیس مارچ کو تھیٹر کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔

 یہ دن منانے کا بنیادی مقصد تھیٹر پر ہونے والے ڈرامے، ڈانس اور میوزک کے ذریعے دنیا بھر میں نظریات، خیالات اور موضوعات کا تبادلہ کرنا ہے ۔

 پاکستان میں گزشتہ کئی برسوں سے تھیٹر کو بہت سی مشکلات کا سامنا رہا ہے جس کی ایک اہم وجہ حکومتوں کی طرف سے سرپرستی کا نہ ہونا ہے ۔

  نان کمرشل بنیادوں پر ہونے والا متوازی تھیٹر اپنے منفرد موضوعات، ڈائریکشن، لائٹنگ، اور پیشکش کے حوالے سے پڑھے لکھے اور باشعور شائقین کے لئے کشش رکھتا ہے ۔

 اجوکا تھیٹر، رفیع پیر اور دیگر تعلیمی اداروں سے وابستہ تھیٹر اکیڈیمیاں اصلاحی ڈرامے پیش کر کے شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب نظر آتی ہیں ۔

 ملک میں ہونے والا کمرشل تھیٹر اپنی مادر پدر آزاد پالیسی کے باعث تنقید کی زد میں ہی رہتا ہے ۔ اس قسم کے تھیٹر میں بے ہنگم اور اخلاق باختہ رقص کی آمیزش نے اسے اور متنازع بنا دیا ہے ۔

 ورلڈ تھیٹر ڈے پر اس شعبے کو ایسی غیر اخلاقی سرگرمیوں سے نجات دلانے کے عزم کی ضرورت ہے ۔