Friday, March 29, 2024

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پولیو سے بچاؤ کا دن منایا جارہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پولیو سے بچاؤ کا دن منایا جارہا ہے
October 24, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پولیو سے بچاؤ کا دن منایا جارہا ہے،جس کا مقصد پولیو کے بارے میں آگاہی دینا اور دنیا کے تمام حصوں سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں کرنا ہے۔ پاکستان بھی پولیو فری ملک بننے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ دنیا بھر میں آج پولیو سے بچاؤ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، پاکستان بھی کورونا وائرس سمیت تمام تر مشکلات کے باوجود اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت اور روٹری انٹرنیشنل نے1988ء میں عالمی سطح پر پولیو کے خاتمے کے اقدام کا آغاز کیا اور 2013ء تک ڈبلیو ایچ او نے دنیا بھر سے 99 فیصد پولیو کا خاتمہ کردیا تھا۔ 2013ء تک زیادہ تر ممالک کو پولیو سے پاک قرار دے دیا گیا تھا مگر تین ممالک جن میں پاکستان، نائیجیریا اور افغانستان شامل ہیں، اس مرض سے مکمل چھٹکارا حاصل نہیں کر سکے۔ لیکن رواں سال براعظم افریقہ بھی پولیو فری قرار دے دیا گیا ہے۔ ہرسال پولیو سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے مختلف پروگراموں کے ذریعے ویکسی نیشن، آگاہی اور فنڈز اکٹھا کرنے کے حوالے سے بیداری پیدا کی جاتی ہے۔ گذشتہ دو دہائیوں کے دوران دنیا بھر میں پولیو کے ریکارڈ شدہ کیسز کی مجموعی تعداد میں زبردست کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ پاکستان میں بھی پولیو کے خاتمے کے حوالے سے کافی کام کیا گیا ہے جس کے باعث پولیو کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے۔ والدین کی جانب سے بچوں کو پولیو ویکسین نہ پلانا اس وائرس کے سراٹھانے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔حکومت پاکستان اور مختلف فلاحی اداروں نے بارہا والدین کو یہ سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ پولیو کے قطرے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور وہ کسی بھی ایسے گمراہ کن پروپیگنڈے پر کوئی دھیان نہ دیں۔ درپیش مشکلات کے باوجود حکومت پاکستان نے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا ہوا ہے لیکن والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کو بھی اس متعدی مرض سے چھٹکارا پانے کیلئے لازمی تعاون کرنا ہوگا تاکہ ایک بچہ بھی پولیو ویکسینیشن سے محروم نہ رہے۔