Friday, April 19, 2024

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے
November 20, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ ملک میں آج بھی کروڑوں بچے بنیادی تعلیم کی سہولت سے محروم ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا بچوں کے حقوق کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں۔ 1989 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بچوں کے منظور شدہ حقوق کا اعلان کیا۔ 20 نومبر 1990 کو دنیا کے 186 ممالک نے بچوں کے عالمی دن کے لیے منظور حقوق کی حمایت کرتے ہوئے اسے باضابطہ قانونی شکل دے دی جس کے بعد 20 نومبر کو عالمی یوم اطفال قرار دیا گیا۔ اقوام متحدہ کے بچوں سے متعلق ادارہ یونیسیف ایک خاص عنوان تجویزکرتا ہے جس کا تعلق بچوں کی تعلیم و تربیت اور نشوونما سے ہوتا ہے تاہم تاریخ پر نظر دوڑائیں تو 1950 کے عشرے میں اس احساس نے جنم لیا کہ ترقی پذیر ممالک کے بچے صحت ، تعلیم اور تفریح کی سہولتوں سے محروم رہتے ہیں۔ ترقی پذیر ممالک میں بچے غیرمعیاری کتابوں اور رسالوں کے ذریعے ذہنی آسودگی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ بچوں کا دن منانے کا مقصد اخبارات ، ٹی وی ، ریڈیو ، مباحثوں اور مذاکروں کے ذریعے بچوں کے حقوق سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔