Thursday, April 25, 2024

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج صارفین کے حقوق کا دن منایا جارہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج صارفین کے حقوق کا دن منایا جارہا ہے
March 15, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج صارفین کے حقوق کا دن منایا جارہا ہے۔ پاکستان میں صارفین کے تحفظ کے لیے قوانین موجود مگر بدقسمتی سے شکایات کا ازالہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

صارفین کے حقوق کا عالمی دن پہلی بار پندرہ مارچ انیس سو تراسی کو منایا گیا تھا۔ ابتدا میں عوام کوچار بنیادی حقوق دیئے گئے تھے جن میں اضافہ کر کے انہیں آٹھ کر دیا گیا تھا۔ پاکستان میں صارفین کے حقوق کے لیے قانون پہلی بار انیس سو پچانوے میں متعارف کرایا گیا تھا۔ ملک کے مختلف حصوں میں صارفین کو انصاف کی فراہمی کیلئے کنزیومر کورٹس بھی قائم ہیں لیکن بدقسمتی سے آج تک شہر اقتدار اسلام آباد اور بلوچستان میں یہ عدالتیں قائم نہ کی جا سکیں۔

کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل آف پاکستان کے سربراہ منیر احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صارف اپنے حقوق سے عمومی طور پر ناآشنا ہے۔ بازاروں کا رخ کرنے والے کروڑوں صارفین کا روزانہ استحصال ہوتا ہے لیکن لاعلمی کی وجہ سے وہ خاموش رہتے ہیں۔ صارف غیر معیاری اشیاء، غیر تسلی بخش سروسز اور مینوفیکچرنگ، ایکسپائری تاریخ  کے اندراج نہ ہونے پر، قیمت کی فہرست آویزاں نہ کرنے پر قانونی چارہ جوئی کر سکتا ہے۔

کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل آف پاکستان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے خریداری کی صورت میں رسید ضرور حاصل کریں جبکہ خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ آن لائن خریداری میں فراڈ کی صورت میں صارف کی شکایت کے ازالے کیلئے موجودہ قوانین میں ترامیم کی جائیں۔

صارف اپنے حقوق کے لیے متحد ہو جائیں اور مہنگی اشیاء کی خریداری چھوڑ دیں تو کسی حد تک مہنگائی اور غیر معیار اشیاء کی خریدوفروخت پر قابو پایا جا سکتا ہے۔