Thursday, April 25, 2024

لاک ڈاؤن سے روزگار میں کمی ،غربت میں اضافہ ہوا ، اسد عمر

لاک ڈاؤن سے روزگار میں کمی ،غربت میں اضافہ ہوا ، اسد عمر
May 3, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے روزگار میں کمی، غربت میں اضافہ ہوگیا، ہر 4 میں سے ایک پاکستانی کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے،کورونا سے  ایک کروڑ 80 لاکھ افراد بےروزگار ،7 کروڑ غربت کی سطح سے نیچے چلے جائیں گے، غربت میں اضافے کا خدشہ ہے، دنیا بھر میں روزگار چلانے کیلئے بندشیں کم کی جارہی ہیں، ایک ماہ میں محصولات میں 119 ارب روپے کم ہوگئے۔

اسد عمر نے کہا کہ 6دن میں کورونا سے یومیہ اوسطاً 24 اموات ہوئیں،  پاکستان میں وبا امریکا اور یورپ کی طرح زیادہ مہلک نہیں ہوئی،آبادی کے اعتبار سے اموات کی شرح بہت کم ہے، 9مئی کے بعد لاک ڈاؤن کا فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کرے گی، شہریوں کو خود بھی احتیاط کرنا ہوگی،اس وقت ٹارگٹ ہے صحت کے نظام کو مفلوج نہیں ہونے دینا۔

اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے خبردار کیا کہ پاکستان میں ایک کروڑ 80 لاکھ افراد بے روزگار ۔جبکہ کم از کم دو کروڑ سے لے کر سات کروڑ افراد معاشی بندشوں کی وجہ سے غربت کی لکیر سے نیچے جا سکتے ہیں ، ہم مغربی ممالک کی اندھی تقلید نہیں کرسکتے ،سب کچھ ایک دم کھولنے سے صحت کا نظام مفلوج ہوسکتا ہے۔

اسد عمرکا کہنا تھا لاک ڈاؤن 9 مئی تک جاری رہے گا ،توسیع کا فیصلہ صوبوں سے مشاورت کے بعد ہوگا۔

اسد عمر نے کہا لوگ سوال کرتے ہیں کہ ملک کب تک بند رہے گا؟وہ عوام سے کہتے ہیں ہمیں اپنے صحت کے نظام کو مفلوج نہیں ہونے دینا اس لیے اپیل ہے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سب کو محفوظ رکھیں۔