Sunday, September 8, 2024

پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے کئی ممالک امریکا کی نئی افغان پالیسی کے منتظر

پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے کئی ممالک امریکا کی نئی افغان پالیسی کے منتظر
August 21, 2017

واشنگٹن (92 نیوز) پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے کئی ممالک افغانستان سے متعلق نئی امریکی حکمت عملی کے منتظر ہیں۔ ادھر وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی صدرنئی افغان پالیسی کا اعلان منگل کو کریں گے۔ نئی افغان پالیسی کے جنوبی ایشیا کے تمام ممالک پر اثرات مرتب ہوں گے۔

کفر ٹوٹا ۔۔ خدا خدا کر کے ۔۔۔ ٹرمپ انتظامیہ نے افغانستان سے متعلق آئندہ حکمت عملی کا فیصلہ کر لیا ۔۔۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی کا اعلان منگل کو قوم سے خطاب میں کریں گے ۔ٹرمپ امریکی عوام کو افغانستان میں مزید فوجی بھیجنے یا نہ بھیجنے سے متعلق آگاہ کریں گے۔

ادھر امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی افغان پالیسی کا فیصلہ ہو چکا اور نئی امریکی حکمت عملی پاکستان سمیت پورے جنوبی ایشیا کا احاطہ کرے گی۔ نئی پالیسی کی تفصیلات صدر ٹرمپ قوم سے خطاب میں بیان کریں گے۔

دو روز پہلے امریکی صدر ، اعلیٰ فوجی عہدیدار اور قومی سلامتی کے مشیر کیمپ ڈیوڈ میں سرجوڑ کر بیٹھے۔ نئی افغان پالیسی کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں لیکن بعض معاملات پر اختلافات کی وجہ سے کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔

ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ نئی افغان پالیسی میں تاخیر پاکستان کے کردار کو قبول کرنے کے حوالے سے اختلافات کی وجہ سے ہوئی ۔

امریکی فوج اور انٹیلی جنس اداروں کو خدشہ ہے کہ طالبان کی کامیابی سے افغانستان میں القاعدہ اور داعش کی جڑیں پھر سے مضبوط ہو جائیں گی اور نہ ختم ہونے والی جنگ شروع ہو جائے گی۔