Wednesday, April 24, 2024

پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج میں ایم کیو ایم کے مزید دفاتر مسمار

پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج میں ایم کیو ایم کے مزید دفاتر مسمار
August 28, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں ایم کیو ایم کے غیرقانونی دفاتر گرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں دو سیکٹر دفاتر سمیت ایک درجن سے زائد یونٹ دفاتر کو مسمار کردیا گیا۔ اس دوران جس کے ہاتھ جو لگا اٹھا کر لے گیا۔ عوام نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے غیرقانونی دفاتر کے خلاف ایکشن جاری ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا عملہ رینجرز اور پولیس کی نفری کے ساتھ سیکٹر اور یونٹ دفتروں پر بلڈوزر چڑھا رہا ہے۔ لانڈھی میں غیر قانونی طور پر قائم سیکٹر آفس کو مسمار کردیا گیا۔ اس کے ساتھ شاہ فیصل کالونی میں چار یونٹ دفاتر بھی گرا دیے گئے۔ اس سے قبل لائنز ایریا میں بھی پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں بڑی کارروائی کی گئی۔ یہاں بھی ایک سیکٹر اور تین یونٹ دفاتر کو ملیامیٹ کردیا گیا۔ انتظامیہ کی کارروائی پر عوام نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ اس دوران لوٹ مار بھی مچی جس کے ہاتھ جو لگا اٹھا لے گیا اور چھینا جھپٹی کے چکر میں لڑائیاں بھی ہوئیں۔ دوسری جانب گزری‘ ٹی اینڈ ٹی کالونی، بزرٹا لائن صدر، کرسچن پاڑا، فریئر کے علاقے میں للی برج، منظور کالونی، محمود آباد میں غیر قانونی دفتروں کو مسمار کردیا گیا۔ کے ایم سی نے شہر بھر میں ایم کیو ایم کے 32 دفاتر کو غیر قانونی قرار دے کر گرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کے علاوہ شہر بھر میں ایم کیو ایم کے 218 سے زائد دفاتر کو پہلے ہی سیل کیا جاچکا ہے۔