Sunday, May 19, 2024

پاکستان ریلویز کی نا اہلی ، ٹرینوں کی روانی  مسلسل تاخیر کا شکار

پاکستان ریلویز کی نا اہلی ، ٹرینوں کی روانی  مسلسل تاخیر کا شکار
October 7, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان ریلویز کا نظام ابتری کا شکار ہے ، کراچی سے کوئی ٹرین نہ وقت پراندرون ملک روانہ ہورہی ہے اور نہ وقت پر پہنچ رہی ہے ، مسافروں نے وزیرریلوے شیخ رشید کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نئی ٹرینیں چلانے کی بجائے پرانی ٹرینوں کو ہی درست کرلیں۔ پاکستان ریلویز کانظام روز بروز بد سے بد ترہوتا جا رہ اہے ،  ٹرینوں کی آمد و رفت کا شیڈول تو ہے لیکن کوئی ٹرین اس پر پورا نہیں اتررہی ، ٹرین نہ وقت پرچلتی ہے اور نہ وقت پر منزل پر پہنچتی ہے۔ اور تو اور کوئی گاڑی کےآمد و رفت کا درست وقت بتانے والا بھی نہیں ہے ، مسافر گھنٹوں  ٹرین کی آمد اور روانگی کا انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ کراچی کینٹ اسٹیشن کےمناظر بھی  عجیب سماں پیدا کرتے ہیں ، کبھی صاف ستھرا رہنے والا کینٹ اسٹیشن پر کچرا ہی کچرا نظرآرہاہے ، آوارہ کتے بھی اسٹیشن پر آزادانہ گھوم رہے ہیں ، مسافروں کےلئے بیٹھنے تک کا کوئی مناسب انتظام نہیں ۔ مسافر کہتے ہیں،وزیر ریلوے باتیں تو بہت کرتے ہیں کچھ کام بھی کرلیں ، کینٹ اسٹیشن پر پینے کا صاف پانی بھی دستیاب نہیں ، جوپانی ہے وہ پینے لائق نہیں لیکن مجبور مسافر وہ پانی بھی پی رہےہیں۔ ادھر لاہور ریلوے اسٹیشن کی حالت بھی  مختلف نہیں ، ایک تو ٹرینوں کی مسلسل تاخیر نے مسافروں کو عذاب میں مبتلا کر رکھا  ہے ،  رہی سہی کسر ریلوے اسٹیشنز پر صفائی ستھرائی کے غیر مناسب انتظامات نے پوری کردی۔ لاہور تا کراچی اور کوئٹہ جانے آنے والی ٹرینیں آج بھی خوب نخرے میں نظر آئیں، شالیمار ایکسپریس 8 گھنٹے،کراچی ایکسپریس 5 گھنٹے،عوام ایکسپریس 5 گھنٹے 30 منٹ ،قراقرم 4 گھنٹے 30 منٹ، وی آئی پی جناح ایکسپریس 3 گھنٹے30 منٹ اور پاک بزنس 3 گھنٹے 45 منٹ تاخیر کاشکار ہے ۔ ٹرینوں کی تاخیر اور صفائی کے ناقص انتظامات پرمسافر خوب گرجے، کہتے ہیں ٹرینوں کوصحیح کرنے کے دعوے تو بہت کیے جاتے تھے لیکن  ٹرینوں کے اوقات کا کے معاملے پر حکمرانوں کو اللہ ہی پوچھے ۔ وزیر ریلوے شیخ رشید اور چیئرمین ریلوے کے نوٹس اور افسران کے تقررو تبادلے بھی بھی ٹرینوں کو معمول پر لانے میں ناکام ہیں۔