Tuesday, April 23, 2024

پاکستان ذمہ دار ایٹمی طاقت، جوہری اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں ، وزیر اعظم

پاکستان ذمہ دار ایٹمی طاقت، جوہری اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں ، وزیر اعظم
September 9, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے پاکستان ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے۔ جوہری اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور وزیر داخلہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیف اف اسٹاف کمیٹی اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہوئے۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے ملکی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملکی ایٹمی اثاثہ جات مضبوط ہاتھوں میں ہیں ۔ پاکستان ذمہ دار ایٹمی قوت ہے اور جوہری عدم پھیلاؤ کے اقدامات بہتر بنانے کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔

این سی اے کو علاقائی و عالمی امور پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کم سے کم دفاعی صلاحیت کی اپنی پالیسی پر کاربند رہے گا۔ ہتھیاروں کی دوڑ سے خطےکے  امن کو خطرہ لاحق  ہے۔ اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں اسلحے کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر علاقائی امن کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ تربیت اور تیاریوں کو سراہا جبکہ تربیت کےاعلیٰ معیار، سٹریٹجک فورسز کی آپریشنل تیاریوں ، ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔