Friday, April 26, 2024

پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، شاہ محمود قریشی

پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، شاہ محمود قریشی
December 15, 2018
کابل (92 نیوز) پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی مذاکرات کا پہلا دور ختم ہو گیا۔ تینوں ممالک نے انسدد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے کی یاد داشتوں پر دستخط کیے۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کی۔ مذاکرات کے بعد پاک، افغان، چائنا کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی ۔ شاہ محمود قریشی  نے کہا خطے میں معاشی ترقی، امن واستحکام کیلئے دہشتگردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ بہتر سرحدی نظام سے پاکستان اور افغانستان دونوں کو فائدہ ہو گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ افغان مسئلہ کے فوجی نہیں، سیاسی حل کا حامی رہا۔ آج دنیا ہمارے موقف کی تائید کر رہی ہے۔ سہ فریقی مذاکرات کا مقصد الزام تراشی اور منفی بیان بازی سے گریز کرنا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مختلف افغان گروپوں کو نزدیک لانے میں تعاون کرے گا۔ کابل اور لوگر میں اسپتالوں کا جلد افتتاح کیا جائیگا۔ دونوں اسپتال پاکستان کا افغان عوام کیلئے تحفہ ہیں۔ شاہ محمودقریشی  نے کہا پاکستان اور افغانستان 40 سال سے دہشتگردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح ہے۔ دہشتگردی کی ہر سطح پر مذمت کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ بولے فاصلے ختم کرنے اور اعتماد کی بحالی کے لیے آیا ہوں ۔ حتمی فیصلہ افغانستان نے کرنا ہے کہ وہ کس طرح کا امن چاہتا ہے۔ باہمی تجارت کو بڑھانا ہو گا۔ سی پیک جیسے مواقع دہائیوں میں ایک بار ملتے ہیں۔