Sunday, September 8, 2024

پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالا ملک ہے، تھریسا مے

پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالا ملک ہے، تھریسا مے
September 21, 2017

نیویارک (92 نیوز) برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ کہتی ہیں کہ پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالا ملک ہے۔ تھریسا مے نے جمہوریت کیلئے جدوجہد کرنے پر محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران برطانوی وزیر اعظم تھریسامے اپنی یونیورسٹی کے زمانے کی دوست بینظیر بھٹو کو یاد کرنا نہ بھولیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال بینظیر بھٹو کی شہادت کو دس برس ہوجائیں گے لیکن وہ بینظیر بھٹو کو کبھی نہیں بھلا پائیں کیونکہ انہوں نے ہی زمانہ طالبعلمی کے دوران انہیں انکے شوہر فلپ سے متعارف کرایا تھا۔

برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم کو انہی قوتوں نے قتل کیا جو اقوام متحدہ کی عظیم روایات کی دشمن ہیں۔ تھریسا مے نے اپنی تقریر میں پاکستان کو دہشتگردوں کے ہاتھوں سب سے زیادہ  متاثرہ ملک قرار دیا۔ انکا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کو اس لیے قتل کیا گیا کیونکہ وہ جمہوریت کی حامی اور عدم برداشت والے رویے کی سخت ناقد تھیں۔

تھریسا مے نے اپنے خطاب میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کردار ادا کرنے کے عزم کا ارادہ کیا۔ انہوں نے شمالی کوریا کو عالمی امن کیلئے خطرہ اور ٹرمپ کے پیرس ماحولیاتی معاہدے سے نکلنے کی مخالفت کی۔