Friday, March 29, 2024

پاکستان دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کریگا تو امداد ملے گی ،امریکی وزیر دفاع

پاکستان دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کریگا تو امداد ملے گی ،امریکی وزیر دفاع
January 6, 2018

واشنگٹن ( 92 نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد چھوٹوں کو بھی زبان لگ گئی ۔  امریکی وزیردفاع جیمز میٹس بھی فیصلہ کن کارروائی کا راگ الاپنے لگے ۔

جیمز میٹس نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کرے گا تو امداد ملے گی ۔  امریکا کیلئے پاکستانی زمینی یا فضائی راستے بند کرنے کا اشارہ نہیں ملا۔

پینٹا گون میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران  جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ امریکی اقدام سے  پاکستان  چین کے قریب آجائے گا یا  افغانستان میں  امریکی افواج کو سپلائی  روٹ کی فراہمی منقطع کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سےایسا کوئی  اشارہ نہیں ملا کہ وہ امریکا کیلئے زمینی اور فضائی راستہ بند کررہا ہے ۔

جیمز میٹس کا مزید کہنا تھا کہ امریکا پاکستان سے مسلسل رابطے میں ہے اور جیسے ہی پاکستان  نے دہشتگردوں کیخلاف  اقدامات کیے تو امداد بحال کردی جائے گی ۔ یہ اقدامات ایسے دہشت گردوں کے خلاف ہونے چاہیے جو نہ صرف امریکا بلکہ خود پاکستان کے لیے بھی ایک خطرہ ہیں۔