Tuesday, May 7, 2024

پاکستان دہشت گردوں کے خلاف مزید اقدامات کرے ، نیٹو سیکرٹری جنرل

پاکستان دہشت گردوں کے خلاف مزید اقدامات کرے ، نیٹو سیکرٹری جنرل
April 28, 2018
برسلز (92 نیوز) نیٹو ممالک نے بھی ڈومور کا راگ الاپنا شروع کر دیا۔ نیٹو کےسیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان  دہشت گردوں کےخلاف مزید اقدامات کرے۔ تقریبا سترہ سالہ طویل جنگ کے بعد بھی نیٹو ممالک افغانستان میں مکمل امن لانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ برسلز میں ہونے والے ایک اجلاس میں نیٹو ممالک کے وزرائے خارجہ طالبان کو مذاکرات کی تجویز دیتے رہے جبکہ پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کرتے رہے۔ برسلز میں ہونے والے نیٹو ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں افغانستان سے متعلق ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان نیٹومشن کیلئےاہم سہولت کار ہے اور امن عمل میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ نیٹو وزرائے خارجہ نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ افغان تنازع کے خاتمے کیلئے ان کے بتائے سیاسی حل کی حمایت کرے۔ دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں کو بند کرے اور مالی معاونت اور سرحد پار حملوں کو روکنے کے حوالے سے کام کرے۔ نیٹو ممالک نے ایران اور روس سے کہا کہ وہ افغان قیادت میں ہونے والے امن عمل کی مکمل حمایت کریں جبکہ طالبان  پر زور دیا کہ وہ بغیر کسی شرط کے امن عمل میں شریک ہوں۔ وزرائے خارجہ نے کہا اِس طویل تنازع کے خاتمے کی ذمہ داری اب طالبان پر ہے۔