Monday, May 6, 2024

پاکستان خطے کے ملکوں کیساتھ مزید مستحکم تعلقات چاہتا ہے : نوازشریف

پاکستان خطے کے ملکوں کیساتھ مزید مستحکم تعلقات چاہتا ہے : نوازشریف
December 12, 2015
اشک آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ تاپی منصوبے سے خطے میں تیزترین اقتصادی ترقی ہو گی‘ پاکستان خطے میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا حامی ہے۔ وزیراعظم اشک آباد میں ہونیوالی عالمی کانفرنس میں بھی شرکت کیلئے ترکمانستان پہنچے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اشک آباد میں ہونیوالی بین الاقوامی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان خطے کے ملکوں کیساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے۔ پاکستان کے عالمی تجارتی سہولتوں کے معاہدے سے وسطی ایشیا کو فائدہ ہو گا۔ ہمسایہ ملک امن کے ذریعے خطے کے وسائل سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ پاکستان خطے میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا حامی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ یہ امر باعث خوشی ہے کہ تاپی جیسے علاقائی تعاون کے منصوبوں پر پیشرفت ہوئی ہے۔ اس سے پہلے اشک آباد کے ہوائی اڈے پر ترکمانستان کے نائب وزیراعظم نے نواز شریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نواز شریف ترکمانستان کے صدر قربان علی محمد دف کی دعوت پر ترکمانستان کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ پیٹرولیم کے وزیر مملکت جام کمال اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ ترکمانستان تاپی گیس پائپ لائن کی اہمیت اور اسے جلد مکمل کرنے کے عزم کا ظاہر کرتا ہے۔ تاپی گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان 1325 ایم ایم فی ایف ڈی قدرتی گیس حاصل کریگا۔