Thursday, March 28, 2024

پاکستان خطے میں کسی بھی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا ، شاہ محمود قریشی

پاکستان خطے میں کسی بھی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا ، شاہ محمود قریشی
January 17, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان خطے میں کسی بھی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔ پاکستان صرف امن کیلئے شراکت دار ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واشنگٹن میں تقریب سے خطاب میں کہا پاکستان امریکا اور ایران میں کشیدگی کم کرانا چاہتا ہے۔ خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ افغانستان میں امن کے بغیر خطے میں استحکام نہیں آسکتا۔ افغانستان کے منفی حالات کا پاکستان پر اثر پڑا۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ خطے میں بدامنی کا باعث ہے۔ آر ایس ایس بھارت کو انتہا پسند ملک بنا رہی ہے۔ بی جے پی کی حکومت نے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا۔ بھارت نے پاکستان کے ہر مثبت عمل کا جواب منفی انداز میں دیا۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ کشمیر میں لاکھوں افراد انسانی حقوق کی پامالیوں کا شکار ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی واشنگٹن میں امریکی عہدیداروں سے اہم ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ ری پبلکن سینیٹر لنزے گراہم سے ملاقات میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ امریکی نائب وزیر دفاع جون روڈ سے بھی ملے۔ ملاقات میں خطے کی بدلتی صورتحال ، پاک امریکا دفاعی تعاون پر گفتگو ہوئی۔ شاہ محمود قریشی  نے  امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کی لیڈرشپ سے بھی ملاقات کی۔