Saturday, May 18, 2024

پاکستان تحریک انصاف کی تمام پارٹی تنظیمیں تحلیل ہو گئی ہیں ، فواد چودھری

پاکستان تحریک انصاف کی تمام پارٹی تنظیمیں تحلیل ہو گئی ہیں ، فواد چودھری
December 24, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے پاکستان تحریک انصاف کی تمام پارٹی تنظیمیں تحلیل ہو گئی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آج پاکستان تحریک انصاف کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات پر بات چیت ہوئی۔ تمام پارٹی عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ پارٹی کا نیا ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا۔ رشتہ داروں کو ٹکٹ بانٹنے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں ٹکٹوں کا فیصلہ وزیراعظم کی بنائی گئی کمیٹی کرے گی۔ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف کا کام ملکی جماعت کی طرح نظر نہیں آیا۔ ٹکٹوں کے فیصلے اب مقامی سطح پر نہیں ہوں گے۔

 فواد چودھری مزید بولے عمران خان ایک قومی لیڈر ہیں۔ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ عمران خان کا ملک کے ہر کونے میں ووٹ ہے۔ اپنے لوگوں کو ووٹ اور ٹکٹ دینے والی جماعت صرف تحریک انصاف ہے۔ انہوں نے کہا ہم گیارہ سو سے بارہ سو ٹکٹ ایوارڈ کرتے ہیں۔ کسی اور سیاسی جماعت کی اتنے ٹکٹ دینے کی حیثیت ہی نہیں۔ پیپلز پارٹی صرف اندرون سندھ اور ن لیگ صرف پنجاب کی جماعت ہے۔ اپوزیشن چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد تو لانہیں سکی ،وزیراعظم تو دور کی بات ہے۔